حکومت سپریم کورٹ میں اپنی مرضی کے ججز لگانا چاہتی ہے : حافظ نعیم الرحمان

کراچی (آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سپریم کورٹ میں اپنی مرضی کے ججز لگانا چاہتی ہے۔چیف جسٹس کو ججز کی عمر سے متعلق بڑے واضح الفاظ میں اپنا موٴقف دینا چاہیے تھا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو ججز کی عمر سے متعلق بڑے واضح الفاظ میں اپنا موٴقف دینا چاہیے تھا، جب ججز کے بارے میں پتہ چلے کہ یہ اس کا آدمی ہے وہ اس کا آدمی ہے تو عوام کہاں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں چیف جسٹس سامنے آئیں گے اور کہیں گے کہ میری ایکسٹینشن میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، اس حکومت کو عدالتی معاملہ چھیڑنا ہی نہیں چاہیے، آئین ایک ایسا ڈاکیومنٹ ہے جس پر عوام متفق ہے، موجودہ حالات کے تناظر میں یہ بل ملک کیلئے خطرناک بات ہوگی۔

انہوں نے سلمان اکرم راجہ کے بیان پر نوٹس لینے کا مطالبہ کر تے ہوے کہا کہ فوج اور عوام کے سامنے آنے کا بہت بڑا مسئلہ ہے، رحیم یار خان میں حملے میں 12پولیس اہلکار شہید ہوئے، کے پی کے جنوبی اضلاع میں پولیس نے تھانوں کا بائیکاٹ کیا، حکومت کی ذمہ داری ہے سب کو ایک پیج پر لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں، جماعت اسلامی ملک بھر میں مقبول ہورہی ہے، لوگوں کو ڈرایا اور دھمکایا جارہاہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے اور بیروزگاری میں اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈسٹریز بند ہورہی ہیں اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے۔

Comments are closed.