توشہ خانہ ٹو کیس،بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت خارج
راولپنڈی (آن لائن)توشہ خانہ ٹو کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی جس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت خارج کردی‘2اکتوبر کو توشہ خانہ ٹو کیس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔اسپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے درخواستوں پر سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ملزمان کے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، انتظار پنجوتھہ اور خالد یوسف چودھری پیش ہوئے۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر کاموقف تھا کہ ملزمان نے بلغاری سیٹ سعودی حکومت سے وصول کیا،
بلغاری سیٹ میں دو آئٹمز نیکلیس اور ائیر رنگز کا ریکارڈ وزارت خارجہ سے حاصل کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کے مطابق دونوں آئٹمز کی قیمت 7 کروڑ 15 لاکھ روپے ہے، ملزمان نے بلغاری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا، ملزمان نے پرائیویٹ فرم سے بلغاری سیٹ کی قیمت صرف 58 لاکھ روپے لگوائی، ایف آئی پراسیکیوشن ٹیم نے عدالت سے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعاء کی۔وکلاء صفائی نے درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعاء کی مخالفت میں دلائل دئیے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔وقفے کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کردی۔دو اکتوبر کو توشہ خانہ ٹو کیس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
Comments are closed.