ایس آئی ایف سی کی معاونت سے چین کی جانب سے شیل گیس کے ذخائر کی تلاش
اسلام آبا د(آن لائن)ایس آئی ایف سی کی معاونت سے چین کی جانب سے شیل گیس کے ذخائر کی تلاش ، پاکستان کی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور چائنا سینٹرل ڈپازٹری اینڈ کلیئرنگ کمپنی (سی سی ڈی سی) نے پاکستان کی شیل اور ٹائٹ گیس کی صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرد ئیے۔پاکستان میں پیٹرولیم کے نئے ذخائر دریافت کرنے کے لیے ایس آئی ایف سی حکومت کو مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے ، او جی ڈی سی ایل ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کی خاطر شیل گیس کے ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے ہی 30 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکی ہے
چین کے ساتھ اس نئی شراکت داری کا مقصد ملک کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے مقامی توانائی کے وسائل کو بروئے کار لانا ہے، اس یادداشت کے تحت سی سی ڈی سی اپنی ڈرلنگ اور اپ اسٹریم آئل فیلڈ سروسز کے ذریعے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن میں او جی ڈی سی ایل کو معاونت فراہم کرے گی ، یہ یادداشت پاکستان کے غیر استعمال شدہ توانائی کے وسائل کو تلاش کرنے اور ملک کو توانائی میں خود کفیل بنانیکے لیے ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے، یہ یادداشت مستقبل میں پاکستان کے لیے درآمدات پر انحصار کم کرنیکے لیے موثر ثابت ہو گی جس سے ملک کے قدرتی وسائل پر انحصار بڑھے گا ، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چین کی کمپنیوں کا تعاون نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ مضبوط اور مستحکم معیشت کی ضمانت ہے، بلا شبہ ملکی معیشت کے استحکام کا دارو مدار توانائی کے شعبے پر ہے، جس کے فروغ کے لیے ایس آئی ایف سی کی خدمات قابل قدر ہیں۔
Comments are closed.