نجکاری پلان سامنے آگیاے،3مراحل میں 24اداروں کی نجکاری کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی حکومت کی جانب سے اگلے 5 سال کے لیے تیار کردہ نجکاری پلان سامنے آگیا ہے، پلان کے تحت 3 مختلف مراحل میں 24 اداروں کی نجکاری کی جائے گی،پی آئی اے روزویلٹ ہوٹل،اسٹیٹ لائف،یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور زرعی ترقیاتی بنک سمیت درجنوں اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت نجکاری کی جانب سے اگلے 5سالوں کیلئے حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی فہرست تیار کر لی گئی ہے فہرست کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک سال میں 10 اداروں کی نجکاری کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے

جس میں قومی ائیر لائن پی آئی اے اور پی آئی اے روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کی جائے گی۔سرکاری دستاویز کے مطابق پلان کے تحت زرعی ترقیاتی بینک، فرسٹ ویمن بینک، ہاوٴس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، پاکستان انجنئیرنگ کمپنی، سندھ انجنئیرنگ لمیٹڈ، 3 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک کی نجکاری پہلے مرحلے میں ہوگی۔دستاویز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کا نجکاری عمل دوسرے مرحلے میں مکمل کیا جائیگا، دوسرے مرحلے میں 6 سرکاری بجلی تقسیم کارکمپنیوں لاہور، ملتان، حیدر آباد، سکھر، پشاور اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کرنے کا پلان تیارکیا گیا ہے اس کے علاوہ 4 سرکاری بجلی پیداواری کمپنیوں جام شورو پاور، سینٹرل، پاورجنریشن، ناردرن پاورجنریشن اور لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی کی نجکاری دوسرے مرحلے میں ہوگی۔ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اور پاکستان ری انشورنس کمپنی کی نجکاری بھی دوسرے مرحلے میں ہوگی۔دستاویز کے مطابق تیسرے مرحلے میں ایک ادارے پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کا عمل مکمل کیا جائیگا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے دیگر مختلف سرکاری اداروں کی نشاندہی پر کام ہورہا ہے جن کو بعد میں نجکاری پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔۔۔۔۔اعجاز خان

Comments are closed.