اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور چین ن اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین دوستی کے دشمن سی پیک منصوبوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی، پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔ صدر آصف علی زرداری سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی چیانگ نے ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان اور چین کا معیشت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط سمیت اہم شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیااور دونوں ممالک نے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، صدر ِمملکت نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زوردیا اور کہا کہ پاک چین تعلقات کو وسعت دینے کی مزید گنجائش موجود ہے
،صدر مملکت نے تجارتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کیلئے ہمہ موسمی سڑکوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک اور گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے بھرپور استفادہ کرنے کا وقت آ گیا ہے، نومبر میں چین کا دورہ کروں گا، پرانے دوستوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے، تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے بات چیت کا منتظر ہوں۔صدر مملکت نے ملاقات کے دوران اپنے سابقہ دور حکومت میں چین کے دوروں پر روشنی ڈالی اورکہاکہ پاکستان کو باہمی اہمیت کے اہم مسائل پر چین کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت حاصل رہی، صدر مملکت نے دہشت گردانہ حملے میں دو چینی شہریوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دلخراش واقعہ پوری قوم کیلئے تکلیف کا باعث بنا، پاک چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین دوستی کے دشمن سی پیک منصوبوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدر مملکت نے مجرموں کو مثالی سزا دینے کے پاکستان کے عزم کے اظہارکیا اورکہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔صدر مملکت نے تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے چین کے تمام بنیادی امور بشمول تبت، بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں،صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کے فروغ میں صدر آصف علی زرداری کی خدمات کے معترف ہیں، دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی، پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔وزیراعظم لی چیانگ نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا، امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔چینی وزیر اعظم نے ”ون چائنا” پالیسی، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت پر پاکستان کو سراہااور کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔
Comments are closed.