اسٹاک مارکیٹ کو بدترین مندی سے دوچار کردیا

کراچی (آن لائن)اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافہ کی اطلاعات،ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ پر ملک گیر احتجاج،مظاہروں اور ہڑتال کے ماحول نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو بدترین مندی سے دوچار کردیا،کے ایس ای100انڈیکس شدید مندی کے باعث1200سے زائد پوائنٹس کمی کے بعد 46000پوائنٹس کی سطح سے نیچے گرگیا،بدترین کاروباری مندی کے باعث مارکیٹ سرمایہ میں180ارب روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی ،تاہم حصص کی فروخت کے دباوٴ کے باعث حصص کی کاروباری مالیت اور حجم میں بدھ کے مقابلہ میں اضافہ دیکھا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز بدترین مندی کا رجحان رہا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کارا سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافہ کی اطلاعات،

ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ پر ملک گیر احتجاج،مظاہروں اور ہڑتال کے اعلان کے باعث مایوسی کا شکار دکھائی دیئے،اسٹاک ماہرین کے مطابق ملک کی سیاسی و معاشی عدم استحکام کی صورتحال سرمایہ کاروں میں بے چینی کا سبب بن رہی ہے اور سرمایہ کار نئی سرمایہ کاری کے بجائے مارکیٹ سے پیسہ نکالنے کو ترجیح دے رہے ہیں، گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 1242پوائنٹس کی بڑی مندی رہی جس سے انڈیکس 46244پوائنٹس سے گھٹ کر45002پوائنٹس ہو گیا ،450پوائنٹس کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 16420پوائنٹس سے گر کر15969پوائنٹس ہو گیا، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس777پوائنٹس کمی سے 30819پوائنٹس سے گھٹ کر30041پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایم آئی30انڈیکس 1961پوائنٹس کمی سے74969پوائنٹس تک آگیا ،گذشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں 180ارب روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی ، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 68کھرب95ارب روپے سے گھٹ کر 67کھرب 15ارب روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز12ارب روپے مالیت کے 28کروڑ سے زائد حصص کا لین دین ہوا جبکہ بدھ کے روز8ارب98کروڑ روپے مالیت کے 20کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا تھا،مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 325کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے48کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،257میں کمی اور20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام، یونائیٹڈ بینک،میپل لیف سیمنٹ،او جی ڈی سی ایل،میزان بینک،یونٹی فوڈز،پاک ریفائنری،سینرجیکو پی کے اور پاک پٹرولیم کے سودے نمایاں رہے، قیمتوں میں اتار چڑھا? کے اعتبار سے ستارہ کیمیکل کے بھا? میں 15.22روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت233.90روپے ہو گئی ،7.63روپے کے اضافے سے سراج کاٹن کے حصص کی قیمت 109.33روپے پر جا پہنچی جبکہ رفحان میعظ کے بھا? میں255روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت 8000روپے ہو گئی جبکہ 188.38روپے کی کمی سے نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت6911روپے پر آ گئی۔۔

Comments are closed.