بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف سب کو نکلنا ہوگا‘علی امین گنڈاپور

پشاور(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف آج جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا کال دے دی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے ملک بھر میں پر امن احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف سب کو نکلنا ہوگا۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے احتجاج کی کال کیلیے جاری کردہ پیغام میں کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ کے بعد سب نے ملک بھر کے ہر ضلع اور شہر میں بھرپور طریقے سے نکل کر پرامن احتجاج کرنا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، کارکنوں اور رہنماؤں کی رہائی کیلیے احتجاج کرناہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جارہی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کے خلاف بھی احتجاج کریں۔

انہوں نے کہا کہ غیر آئینی ترامیم کی جارہی ہیں جن کے خلاف بھی آواز اٹھانی ہے، اگر آج آواز نہ اٹھائی گئی تو آنے والی نسلیں اس سے برے حالات سے گزریں گی۔علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ جو اس وقت فیصلے کررہے ہیں ان کو پیغام دیتا ہوں کہ ایسے فیصلے نہ کریں جو اس ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، آپ جوابدہ ہیں ان فیصلوں کا آپ کو جواب دینا پڑیگا، ان فیصلوں کے نتیجے میں عوام اور پاکستان کا جو نقصان ہورہا ہے اس کی ذمے داری آپ پر عائد ہوگی۔علی امین کا کہنا تھا کہ حق، سچ اور حقیقی آزادی کیساتھ آئین کے تحفظ کیلیے کھڑے تھے کھڑے ہیں اوررہیں گے، بھرپور طریقے سے ملک کے ہر شہر میں پر امن احتجاج کی ایپل کررہا ہوں، دنیا کو پیغام دینا ہے کہ زندہ اور آزاد قوم اپنے حق کیلیے کھڑی ہے۔

Comments are closed.