بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں کی ایک گھنٹہ تک طویل ملاقات
ملاقات میں آئینی ترمیم اور مولانا سے ہونے والی مشاورت پر بات چیت
راولپنڈی (آن لائن) تحریک انصاف کے سابق چیئرمین سے ہفتہ کے روز پارٹی رہنماوٴں نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ملاقات کرنے والوں میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، جنرل سیکرٹری سلیمان اکرم راجہ، علی ظفر، اسد قیصر اور حامد رضا شامل تھے جیل کے کانفرنس روم میں 1 گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں پارٹی رہنماوٴں نے سابق چیئرمین سے آئینی ترامیم سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے مشاورت کی وفد نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی مشاورت پر بھی سابق چیئرمین کو آگاہ کیا ملاقات کے بعد وفد اڈیالہ جیل کے دوسرے گیٹ سے اسلام آباد روانہ ہو گیا تاہم اسد قیصر نے سابق چیئرمین کی طبیعت کے حوالے سے کہا کہ وہ ٹھیک ہیں دریں اثنا اڈیالہ جیل میں قیدیوں و حوالاتیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں مزید 2 یوم کی توسیع کردی گئی ہے جیل ذرائع کے مطابق ملاقاتوں پر پابندی میں توسیع پنجاب حکومت نے کی ہے اور پابندی کا یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے
جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق سیاسی قیدیوں سمیت عام قیدیوں پر بھی ہوگا یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے 18 اکتوبر تک اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی تاہم گزشتہ روز اس میں دو یوم کی توسیع کردی گئی ادھر جیل ذرائع نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین سے پارٹی رہنماوٴں کی ملاقات کے حوالے سے کہا کہ پابندی کا اطلاق خصوصی درخواست پر ہونے والی ملاقاتوں پر نہیں ہوگا تحریک انصاف کے پانچوں رہنماوٴں کو بھی ملاقات کی اجازت اسی تناظر میں دی گئی کیونکہ حکومت پہلے ہی تحریک انصاف کے 5 رہنماوٴں کو سابق چیئرمین سے ملاقات کی اجازت دے چکی تھی۔
Comments are closed.