راولپنڈی ٹیسٹ: شاندار بولنگ پر ساجد خان کیلئے اہم اعزاز

راولپنڈی(آن لائن)راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 267 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ اسپنر ساجد خان ایک مرتبہ پھر شائننگ بولر ثابت ہوئے۔ انگلش کپتان بین اسٹوک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن انگلش بلے باز پاکستانی اسپنرز کے جال میں پھنس گئے۔وکٹ کیپر بلے باز جمی اسمتھ 89 اور بین ڈکٹ 52 کے علاوہ کوئی بیٹر لمبی اننگز نہ کھیل سکا جب کہ ساجد خان نے 6، نعمان علی 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ساجد خان کی بہترین کارکردگی پر راول پنڈی اسٹیڈیم کے اعزازی بورڈ پر ساجد خان کا نام بھی لکھ دیا گیا ہے۔میچ کے پہلے سیشن میں انگلش اوپنرز زیک کرالی اور بین ڈکٹ نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی کپتان شان مسعود نے اسپنرز پر انحصار کرتے ہوئے انہیں انگلش بلے بازوں کو آوٹ کرنے کا ٹاسک دیا۔

انگلش اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن مجموعی اسکور 56 تک پہنچا تو زیک کرالی نعمان علی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی۔دوسری وکٹ پر ڈکٹ اور اولی پاپ نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن پاپ محض 3 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے جس کے بعد انگلش کھلاڑیوں کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ اوپنر ڈکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر نعمان علی کا شکار بنے اور وہ 52 رنز بنا سکے جب کہ کپتان بین اسٹوک 12، جو روٹ اور ہیری بروک پانچ، 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ساتویں وکٹ پر وکٹ کییر بلے باز جمی اسمتھ اور ایٹکنسن نے پاکستانی بالرز کے سامنے مزاحمت کی اور دونوں بلے بازوں نے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ انگلینڈ کا مجموعی اسکور 223 تک پہنچا تو ایٹکنسن 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اسمتھ بھی 89 رنز بنا کر 241 کے مجموعے پر زاہد محمود کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ ریحان احمد 9 اور جیک لیچ 16 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ساجد خان نے 128 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں، ان کا نام راولپنڈی اسٹیڈیم کے اعزازی بورڈ پر لکھ دیا گیا۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اسی گراونڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 152 رنز سے شکست دی تھی۔

Comments are closed.