وزیر خزانہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کی ملاقات،50 کروڑ ڈالر قرض دینے کا عندیہ

واشنگٹن(آن لائن)ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتسوگو اساکاوا سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ملاقات کی ہے ،ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے 50 کروڑ ڈالر قرض کی فراہمی کا عندیہ دیدیا،ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کا بورڈ 29 اکتوبر کو نئے قرض کی منظوری پر غور کرے گا،وزیر خزانہ نے پالیسی بیسڈ لون کی منظوری کے لیے اے ڈی بی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت میں اے ڈی بی کی شراکت کو سراہا، وزیر خزانہ نے اے ڈی بی کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی جلد تکمیل کی امید ظاہر کی،انہوں نے کیپیٹل ایڈیکویسی فریم ورک کی کامیاب تکمیل کو سراہا،وزارت خزانہ کے مطابق اگلے تین سال کے لئے پاکستان کو زائد سرچارجز سے چھوٹ دینے پر اے ڈی بی کی تعریف کی

، دونوں فریقین نے ملکی محصولات میں اضافے، علاقائی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا،وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں اے ڈی بی کے نئے دفتر کے آغاز کا خیرمقدم کیا،ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض دے گا،رقم ماحولیاتی اور قدرتی آفات سے تحفظ کے پروگرام پر خرچ کی جائے گی۔بعدازاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن(ڈی سی او) کی سیکرٹری جنرل دیما الیحی نے ملاقات کی ہے ،ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے آئی ٹی شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے حکومت کی جانب سے گورنس کو بہتر بنانے، شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے اور معاشی بہتری کے ایک شمولیتی ڈیجیٹل ایکو سسٹم حکومتی توجہ اور سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری، ڈیجیٹل فنون اور ڈیجیٹل گورنس میں اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب سے موڈیز کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو حال ہی میں سی اے اے 2 تک اپ گریڈ کرنے پر موڈیز کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ وزارت خزانہ اور مرکزی بینک کی سینئر قیادت باقاعدگی سے ریٹنگ ایجنسیوں سے رابطے میں رہتی ہے۔ ملاقات میں قرضوں کی پائیداری، مالیاتی پالیسی، بیرونی کمزوریوں سے نمٹنے، زرمبادلہ کے ذخائر، مالیاتی نظم و ضبط، محصولات کی صورتحال، حکومتی صلاحیت اور مالیاتی منڈیوں کی مضبوطی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ادھر وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، جناب محمد اورنگزیب نے امریکی ایکسپورٹ-امپورٹ (ایگزم) بینک کی صدر محترمہ ریتا جو لیوس سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے ایکسپورٹ-امپورٹ بینکوں کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے توانائی، معدنیات اور آئی ٹی شعبوں میں ایگزم بینک کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے بینک کی پاکستان میں ممکنہ انٹری کے جائزے کے لیے ڈیٹا فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خزانہ نے ایگزم بینک کے ذریعے فنانس یا انشور کیے گئے سامان اور خدمات کے لیے امریکی نیکسس تقاضوں پر وضاحت بھی طلب کی۔

Comments are closed.