لاہور(آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے مالی سال 25-2024 کے لیے قومی ٹیم کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے اور شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد بی کیٹیگری میں چلے گئے ہیں جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد اور فخر زمان سمیت متعدد کھلاڑی اس بار کنٹرکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ اسی اسٹرکچر کے تحت دیا گیا ہے جس پر گزشتہ سال کھلاڑیوں نے بورڈ کے ساتھ تین سال کے لیے اتفاق کیا تھا۔نئے اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پانچ نئے کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جن میں عباس آفریدی، محمد عرفان خان، محمد علی، خرم شہزاد اور عثمان خان شامل ہیں اور انہیں کیٹیگری ڈی میں رکھا گیا ہے۔
گزشتہ سال 30 کھلاڑیوں کے برعکس اس سال بورڈ کی جانب سے مجموعی طور پر 25 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے ۔ کیٹیگری اے میں بابر اعظم اور محمد رضوان،کیٹیگری بی میں نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود‘کیٹیگری سی میں سعود شکیل، شاداب خان، حارث رؤف، ابرار احمد، نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور عبداللہ شفیق اورکیٹیگری ڈی میں عامر جمال، حسیب اللہ، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر اور عثمان خان شامل ہیں۔گزشتہ سال کے مقابلے میں نئے کنٹریکٹ متعدد کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ لاتعداد کی تنزلی بھی کی گئی ہے۔
Comments are closed.