دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے ، آرمی چیف
راولپنڈی (آن لائن)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے ، پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے،مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی کے ناسور کوہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز بنوں کا دورہ کیا ۔بنوں آمدپر آرمی چیف کو خودکش دھماکے کے ساتھ ساتھ جاری آپریشنز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور اْن کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا ۔ آرمی چیف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستانی فوج قوم کو اس لعنت سے بچانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے بنوں دھماکے میں زخمی ہونے والے زیر علاج زخمی افراد کی عیادت کے لئے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا اور ان سے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ بنوں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے جوانوں کے اہلخانہ کویقین دلایا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈ ے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ یہ انکی خام خیالی ہے کہ وہ فوج کے آہنی عزم اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کر سکتے ہیں ۔انکا مزید کہناتھا ہم نے طویل جنگ لڑی ہے اور دہشت گردی کی لعنت سے آخری دم تک لڑتے رہیں گے۔
پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ قوم ان لوگوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانیں دی ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی کے ناسور کوہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
Comments are closed.