محسن نقوی کا نیشنل سٹیڈیم منصوبہ وقت سے قبل مکمل کرنے کا حکم

\کراچی (آن لائن) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیشنل سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ کی ٹاپ ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے آ رہی ہیں، پاکستان کے لئے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک اعزاز ہے، سکور سکرین کو اونچائی پر نصب کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا مشاہدہ کیا

، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او کے حکام کو پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے ہدایات دیں، ایف ڈبلیو او کے حکام نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی جبکہ ایڈوائزر عامر میر، منیجر نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم ارشد خان اور ایف ڈبلیو او کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے سکور سکرین کو مناسب جگہ نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ سکور سکرین کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو میچز دیکھنے میں مشکل پیش آتی ہے، سکرین کو اونچائی پر نصب کیا جائے تاکہ شائقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا کو سٹیڈیم کے قریب رکھا جائے، اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام مزید تیز کیا جائے، دن رات ایک کر کے منصوبے کو وقت سے قبل مکمل کیا جائے۔

Comments are closed.