لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائزکی گاڑی پرحملہ ،وزیرداخلہ کی مذمت

لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا ہے‘ ہم اس واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے‘محسن نقوی

اسلام آباد (آن لائن ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے اورکہا ہے کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا ہے‘ ہم اس واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے‘سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے‘حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی‘حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کئے جائیں گے۔ جنہوں نے حملہ کیا ہے ان کی شہریت منسوخ کرنے کیلئے فوری کارروائی کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لئے کابینہ بھیجا جائے گا۔ کسی کو بھی اس طرح کے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا ہے۔ ہم اس واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے اور سوال اٹھایا ہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔

Comments are closed.