اس بار گھروں میں بتاکر نکلیں گے کہ اگر واپس نہ آئیں تو ہمارے جنازے پڑھ لیں، علی امین گنڈاپور

حقیقی آزادی کے لیے جنگ جاری ہے اور جاری رہے گی، جنگ کا فیصلہ کن وقت قریب ہے، قوم اور نسلوں کے لیے حقیقی آزادی کی جنگ جیتیں گے؛ گورنمنٹ کالج پشاور میں تقریب سے خطاب

پشاور ( آن لائن ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ جنگ کا فیصلہ کن وقت قریب ہے، اس بار جب ہم نکلیں گے تو گھروں میں بتاکر نکلیں گے، اگر ہم واپس نہ آئیں تو ہمارے جنازے پڑھ لیں۔ سرکاری کالجز کی سولرائزیشن کے منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئیانہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی مانگے کی سزا عمران خان جیل میں بھگت رہا ہے، اپنے فیصلے خود کرنے کے لیے ہمیں حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنی ہے، حق مانگنے پر جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، ظلم کیا جاتا ہے، حقیقی آزادی کے لیے جنگ جاری ہے اور جاری رہے گی

، قوم اور نسلوں کے لیے حقیقی آزادی کی جنگ جیتیں گے، طلباء یونین کو بحال کرکے لیڈرز پیدا کریں گے، ہمارے وسائل محدود ہیں لیکن پھر بھی نوجوانوں پر انویسٹمنٹ کررہے ہیں۔علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ ناکامی کے بعد ناامید نہیں ہونا چاہیئے، پاکستان قرضوں میں ڈوبا ہے، آج ملک میں خود مختاری نہیں، ہم اپنے فیصلے خود نہیں کرسکتے لیکن معاشرے میں انصاف سے تمام مسائل حل ہوجاتے ہیں، محرومی قوموں کو ہمیشہ نیچے لے کر جاتی ہے، مقابلہ کرنے کی جرات سے آپ کی سوچ بڑھے گی، عمران خان ریاستِ مدینہ کی بات کرتے ہیں جہاں کوئی محرومی نہ ہو، جب آپ گھبرائیں نہ تو آپ عظیم بنیں گے اس لیے ناامید نہیں ہونا اور آگے بڑھنا ہے۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین خان گنڈاپور نے گورنمنٹ کالج پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبے کے سرکاری کالجز کی سولرائزیشن کے منصوبے کا افتتاح کیا، منصوبے کے تحت 80 سرکاری کالجوں میں 10 کے وی اے سولر سسٹم کی تنصیب کا عمل شروع کیا گیا ہے

، جن میں سے اب تک 10 کالجوں کی سولرائزیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ فی کالج 10 کے وی اے سولر سسٹم کی تنصیب کی کل لاگت 24 لاکھ 10 ہزار روپے ہے، سولر سسٹم کی تنصیب سے ماہانہ 11 سے 12 ہزار تک بجلی کے یونٹس کے استعمال میں کمی آئے گی، سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی کے بل کی مد میں ہر کالج کو ماہانہ 55 ہزار روپے کی بچت ہوگی اور 3 سال سے بھی کم عرصے میں اس سولر سسٹم کی لاگت پوری ہو جائے گی۔

Comments are closed.