راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ ٹیکسلا کے مقدمہ میں گرفتار سابق وفاقی وزیر و تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے تھانہ ٹیکسلا پولیس نے اٹک جیل سے رہائی کے بعد اعظم سواتی کو گرفتار کیا تھا جنہیں گزشتہ سہ پہر عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ چونکہ ملزم تھانہ ٹیکسلا کے 5 اکتوبر کے مقدمہ میں نامزد ہے جس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے
ملزم سے تحقیقات کرنا ہیں لہٰذا ملزم کا 14 یوم کا جسمانی ریمانڈ جاری کیا جائے اس موقع پر ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد اس وقت دوبارہ گرفتار کیا گیا جب وہ اٹک جیل سے رہا ہوئے حالانکہ اعظم سواتی کو محض سیاسی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے لہٰذا عدالت انہیں مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے تاہم عدالت نے پولیس کی 14 یوم کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اعظم سواتی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے ہدائیت کی ملزم کو 7 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کر کے تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے۔
Comments are closed.