اسلام آباد(آن لائن )سپریم کورٹ میں آئینی مقدما ت کی چھانٹی شروع کردی گئی ،سینکڑوں فائلیں جمع کی گئی ہیں مزیدکابھی جائزہ لیاجارہاہے۔نئی آئینی درخواستوں کوالگ سے ترتیب دیاجارہاہے۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بنچ ان درخواستوں کی سماعت کرسکے گا۔پیرسے قبل نئے آئینی بنچ کاتمام عملہ اور سیکرٹریٹ کافیصلہ کیے جانے کاامکان ہے اس کے فوری بعدآئینی درخواستوں کواس سیکرٹریٹ میں منتقل کردیاجائیگا۔آن لائن کوذرائع نے بتایاہے کہ سپریم کورٹ عملہ آئینی درخواستوں کی چھان پھٹک میں مصروف عمل ہے درخواستوں کونئی ترتیب دی جارہی ہے۔ان درخواستوں پرنئے آئینی بنچ کے تحت نمبربھی درج کیے جائیں گے پچھلے سالوں کی زیر التواء درخواستوں کی الگ فہرست بنائی جارہی ہے ان پرالگ سے نمبرزدرج کیے جائیں گے اور نئی درخواستوں کوالگ ترتیب دی جارہی ہے۔
بہت زیادہ ضروری اوراہمیت کے حامل مقدمات کوان کی اہمیت کے پیش نظرسماعت کے لیے مقررکیے جائیگا۔ذرائع کاکہناہے کہ نئے بنچ کے لیے عملے کی تعیناتی سمیت کئی دیگرامورکابھی جائزہ لیاجارہاہے جس کے بعدباضابطہ تعیناتی کی جائیگی امکان ظاہرکیاجارہاہے کہ اس نئے آئینی بنچ کے لیے بطوررجسٹرار یاایڈیشنل رجسٹرار کے مساوی عہدے کے حامل شخصیت کاچناؤکیاجاچکاہے ان کاجلدہی اعلان کردیاجائیگااور ان کوسیکرٹریٹ کے فیصلے کے ساتھ ہی تعینات کردیاجائیگا۔
وکلاء نے بھی اپنی آئینی درخواستوں کوسماعت کے لیے مقررکرانے اوردیگرمعاملات پراپنے موکلان سے رابطے شروع کردیے ہیں اور انھیں بتایاجارہاہے کہ اب کے ان کے مقدمات نئے آئینی بنچ میں سماعت کے لیے رکھے جائیں گے اس کے لیے وکلاء اپنے موکلا ن سے نئی ہدایات بھی وصول کررہے ہیں ایک وکیل نے آ ن لائن کوبتایاکہ انھوں نے باقاعدہ طورپر اپنے کلائنٹس کونئے بنچ کی تشکیل اور دیگرآئینی وقانونی معاملات پر مشاورت کی ہے اوراب ان کے جواب کاانتظار ہے کہ وہ کیاکہتے ہیں
Comments are closed.