سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت موخر

اسلام آباد(آن لائن)خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین آج چھٹی پر ہیں جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں ہوگی، جب کہ پی ٹی آئی نے ڈیوٹی جج سے درخواستیں سننے کی اپیل کردی ہے۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس کی سماعت کرنے والے خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین آج چھٹی پر ہیں، جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر آج سماعت نہیں ہوگی۔چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے وکلا عدالت پہنچے تو عدالتی عملے نے انہیں مطلع کیا کہ جج ابو الحسنات ذوالقرنین 8 ستمبرتک رخصت پر ہیں۔پی ٹی آئی وکلا نے درخواست کی کہ ہمیں کوئی راستہ دکھائے کہ ہم کیا کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی اورشاہ محمود کے وکلا ڈیوٹی جج راجا جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوگئے اور درخواست سننے کی اپیل کی۔ڈیوٹی جج راجا جواد عباس نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں،

آپ ہائیکورٹ سے مارک کرادیں تو میں بھی کیس سن سکتا ہوں، دوطریقے ہیں یا رجسٹرار ہائیکورٹ سے رجوع کریں یا 9 ستمبر تک انتظار کرلیں۔ڈیوٹی جج راجا جواد عباس نے کہا کہ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے پاس چھٹی کی درخواست گئی ہے، یہاں 24 عدالتیں ہیں، ان سب کو میں سن سکتا ہوں، باقی عدالتوں کے لیے میں ڈیوٹی جج ہوں، میری غیر موجودگی پرشاہ رخ ارجمند جج ہوں گے، مگر یہاں معاملہ الگ ہیں، یہ انسداد دہشت گردی عدالت کا معاملہ نہیں ہے، یہ کیس آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت چل رہا ہے۔راجا جواد عباس نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے علاوہ باقی عدالتوں میں اختیار استعمال کرسکتا ہوں، ایڈمن جج ہونے کی وجہ سے 24 عدالتوں پر میرا دائرہ اختیار استعمال ہوسکتا ہے۔ایف آئی اے پروسکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ یہ کس طرح اس عدالت میں درخواست دائر کرسکتے ہیں۔پی ٹی آئی وکلا نے موقف اختیار کیا کہ بطور ڈیوٹی جج آپ درخواست سن سکتے ہیں، آپ اگر کہیں کہ میرا اختیار نہیں میں مجبور ہوں تو ہم ہائی کورٹ چلے جائیں گے۔جج راجا جواد عباس نے کہا کہ آپ مجھے جانتے نہیں ہیں ورنہ لفظ مجبور نہ استعمال کرتے،

میں کوئی مجبور نہیں۔پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ہم ایک درخواست دیتے ہیں آپ جو بھی آرڈرکریں گے، ہمیں منظور ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیوٹی جج کو ضمانتیں سننے کی درخواست دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی کہ ضمانت کا معاملہ ہے آپ ڈیوٹی جج ہیں اسی لئے ہمیں سن لیں۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اٹک جیل جبکہ شاہ محمود اڈیالہ جیل میں قید ہیں، عدالت نے آج فریقین سے دلائل طلب کر رکھے تھے۔30 اگست کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں ہونے والی سائفر کیس کی سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبرتک توسیع کردی گئی تھی۔عمران خان کو جج ابوالحسنات کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری لگانے کے بعد ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی تھی۔

Comments are closed.