بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے‘علیمہ خان

آج قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ انھوں نے مارشل لاء کے نیچے رہنا ہے یا آزادی میں‘میڈیا سے بات چیت

اسلام آباد(آن لائن)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے‘بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وکلا سپریم کورٹ کیلئے نکلیں ‘ سول سوسائٹی، کسان، طلبہ احتجاج کیلئے نکلیں ۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ چوری شدہ مینڈیٹ، ناحق گرفتار لوگوں، 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف احتجاج کیلئے لوگ نکلیں۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آج قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ انھوں نے مارشل لاء کے نیچے رہنا ہے یا آزادی میں ۔بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 8 فروری کو عوام جمہوریت میں انقلاب لیکر آئیں۔8 فروری سے پہلے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عوام نے ووٹ کے زریعے فیصلہ کیا کہ ان کو ظلم کا نظامِ قبول نہیں ‘8 فروری کو عوام نے طاقتور سے طاقت چھین لی اور اصل جمہوریت کی بنیاد رکھی ‘9 فروری کو مینڈیٹ چوری کر لیا گیا ‘چوری شدہ مینڈیٹ گنے چنے لوگوں کو دے دیا گیا ‘ان لوگوں کو نیشنل اسمبلی میں بٹھا کر وہ کیا گیا جو ان کا دل چاہتا تھا ۔علیمہ خان نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے ذریعے عوام کے حقوق چھین لیئے گئے ‘بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بدترین مارشل لاء لگ چکا ہے۔

Comments are closed.