اسلام آباد(آن لائن )سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے گلگت بلتستان کی آئینی و قانونی حیثیت سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حامد خان نے جواب جمع کرانے کیلئے عدالت سے مہلت مانگ لی۔عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتہ تک ملتوی کردی۔ آئینی بنچ کے ممبر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا ہے کہ حکومت لکھ کر دے کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے کیا پریکٹیکل مسائل ہیں۔انھوں نے یہ ریمارکس منگل کے روزدیے ہیں۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں آئینی بنچ نے گلگت بلتستان کی آئینی و قانونی حیثیت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اعتراض کیا کہ عدالتی فیصلہ قانون اور اختیار کے خلاف ہے، سپریم کورٹ کے آرڈر پر گلگت بلتستان کے عوام میں اضطراب پایا جاتا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کا مطالبہ ہے انھیں پارلیمنٹ میں نمائندگی دی جائے۔وکیل حامد خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام برابری کے حقوق چاہتے ہیں۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق حکومت جو چاہے قانون سازی کر لے، عدالتی فیصلہ پر عمل ہوا نہیں اور آپ توسیع پر توسیع لے رہے ہیں، حکومت لکھ کر دے کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے کیا پریکٹیکل مسائل ہیں۔ایڈووکیٹ حامد خان نے جواب جمع کرانے کیلئے عدالت سے مہلت مانگ لی۔عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتہ تک ملتوی کردی
Comments are closed.