اسلام آباد کے 3 حلقوں کے لئے نئے الیکشن ٹریبیونل کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی

اسلام آباد(آن لائن )اسلام آبادہائی کورٹ کے حکم امتناع کے باعث اسلام آباد کے 3 حلقوں کے لئے نئے الیکشن ٹریبیونل کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ،نئے اسلام آباد الیکشن ٹربیونل نے 18 دسمبر سے 5 ماہ بعد کام کا آغاز کیا تھا اور فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ٹریبیونل کارروائی روکنے کے حکم امتناع کی وجہ سے کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوئی۔

الیکشن ٹربیونل نے تمام فریقین کو 24 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کیے تھے۔منگل کوسماعت ہوناتھی کہ نئے الیکشن ٹربیونل میں علی بخاری اور دیگر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم امتناع کی کاپی پیش کی گئی۔ جسٹس طارق جہانگیری نے بطور الیکشن ٹریبونل جولائی میں آخری سماعت کی تھی۔ جسٹس ریٹائرڈ شکور پراچہ نے بطور نئے الیکشن ٹریبیونل 18 دسمبر سے کارروائی شروع کی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے 3 امیدواروں علی بخاری، عامر مغل اور شعیب شاہین نے حکم امتناع حاصل کررکھا ہے۔

Comments are closed.