وفاقی کابینہ میں مختلف وزارتوں کے کئی اداروں کو بند اور بعض کو ضم کرنے کی تجاویز پیش‘ 42.1 ارب روپے کی بچت متوقع

وزیراعظم نے دوبارہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا
محسن نقوی کی پاراچنار کی صورتحال پر بریفنگ‘ پارا چنار سے مریضوں کومنتقل کرنے کیلئے وزیراعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر مختص
پارا چنار کے تمام اسپتالوں میں تمام ضروری ادویات دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے‘اعلامیہ جاری
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف وزارتوں کے کئی اداروں کو بند اور بعض کو ضم کرنے کی تجاویز پیش کر دی گئیں جس سے قومی خزانے کو 42.1 ارب روپے کی بچت متوقع ہے جبکہ وزیراعظم نے دوبارہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاراچنار کی صورتحال پر بریفنگ دی اوربتایا گیا کہ پارا چنار سے مریضوں کو دوسرے شہر منتقل کرنے کے لئے وزیراعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر مختص کیا گیا ہے۔ مزید برآں پاڑا چنار کے تمام اسپتالوں میں تمام ضروری ادویات دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ کو حکومت کی رائیٹ سائیزنگ کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی نے وزارت سائینس و ٹیکنالوجی، وزارت تجارت، وزارت ہاؤسنگ و ورکس, وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور ان وزارتوں سے متعلقہ اداروں کی رائیٹ سائیزنگ کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔ کمیٹی نے مذکورہ وزارتوں کے کچھ اداروں کو مکمل بند اور کچھ کو ضم کرنے کی سفارشات پیش کیں۔ کمیٹی نے ان وزارتوں کے سیکریٹریٹ میں اسٹاف کی پوسٹس 30 فیصد تک کم کرنے کی تجویز بھی دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ان سفارشات کی منظوری کے بعد قومی خزانے کو 42.1 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ کابینہ اراکین نے ان سفارشات پر اپنی آراء دیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ اراکین کی آراء کی روشنی میں ان وزارتوں کی رائیٹ سائیزنگ کے حوالے سے سفارشات اور عملدرآمد کا جائزہ لے کر وفاقی کابینہ میں دوبارہ رپورٹ پیش کی جائے۔وفاقی کابینہ کو وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی جانب سے پارا چنار کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پارا چنار میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور اس حوالے سے وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پارا چنار سے مریضوں کو دوسرے شہر منتقل کرنے کے لئے وزیراعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر مختص کیا گیا ہے۔ مزید برآں پاڑا چنار کے تمام اسپتالوں میں تمام ضروری ادویات دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

Comments are closed.