اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ دنیا میں امن ترقی اور خو شحالی کے لئے ہم سب نے ملکر کام کرنا ہے ، معاشرے سے نفرت اور تفریق کا خاتمہ کرنا ہو گا ۔ کرسمس کے موقع پر وزیراعظم ہاوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کرسمس کے تہوار پر دنیا بھر میں مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا دنیا میں ہم سب نے امن ، ترقی اورخو شحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہے ۔ حضرت عیسی علیہ السلام کے بارے میں قرا ن پاک میں واضح ذکر ہے ۔ ہم انھیں اپنا نبی مانتے ہیں ۔ بد قسمتی سے حضرت عیسی علیہ السلام کی جائے پیدائش پر قتل و غارت کا بازار گرم ہے
۔ بچون اور بزرگوں سمیت ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے ۔ غزہ میں جنگبندی اس وقت انتہائی اہم ہے۔ دنیا بھر کے مسیحوں کو چاہیے کہ وہ غزہ میں خونریزی رکوانے کے لئے آواز اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا قیام پاکستان سے لے کر آج تک مسیحی برادری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دیں۔ زندگی کے تمام شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جاتا ہے ۔ میں نے اور میرے بھائی نے خود مشنری سکول سے تعلیم حاصل کی ہے ۔ حکومت مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہمیں معاشرے سے تفریق کا خاتمہ کرنا ہے ، ہم نے اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہے ۔
آئیں ہم سب مل کر برداشت اور تحمل کے کلچر کو فروغ دیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ حلقہ انتخاب میں ستر ہزار مسیحی بہن بھائیوں کی نمائندگی کرنے پر خوشی ہے انتخابی مہم کے دوران مسیحی بہن بھائیوں نے جس پیار و محبت کا اظہار کیا وہ بیمثال تھا ۔ مسیحی برادری نے قیام پاکستان کے دوران اہم کردار ادا کیا ۔ مسیحی برادری ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا مسیحی برادری نے قومی پرچم میں موجود سفید رنگ کی قدر کی ہے ۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے لئے کوشاں ہے ۔ قومی پرچم میں ہارون ولیم جیسے ہیرو کا جسد خاکی بھی لپٹا جو کہ بہت بڑی بات ہے ۔
Comments are closed.