2024 سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں جاری‘925 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگردوں کے خلاف سال 2024کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں جاری رہیں جن میں 925 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے جس میں افواجِ پاکستان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔

سال2024 کے دوران مجموعی طور پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف 59,775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے۔ کامیاب آپریشنز کے دوران 925دہشتگردوں بشمول خوارج کو واصلِ جہنم کیا گیا اور سینکڑوں گرفتار کئے گئے۔ گذشتہ پانچ برس میں کسی ایک سال میں مارے جانے والے دہشتگردوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر اوسطا 169 آپریشنز افواجِ پاکستان، انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اَنجام دے رہے ہیں۔اس حوالے سے انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز کے بروقت اقدامات کی وجہ سے دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو کامیابی سے ناکام بنایا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دُشمن کے نیٹ ورکس پکڑنے اور دہشتگردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں بھی اہم کامیابیاں ملی۔ان کارروائیوں میں دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں بیرونی ساختہ اسلحہ وگولہٰ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آپریشنز کے دوران73 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔اس کے ساتھ دہشتگردی میں ملوث 27افغان دہشتگردوں کو بھی سیکیورٹی فورسزنے نشانہ بناتے ہوئے جہنم واصل کیا۔

Comments are closed.