کراچی (آن لائن) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے کہاہے کہ ملک کوپائیدارنمو کی طرف لے جانے میں سٹاک مارکیٹ کاکردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے، سٹاک مارکیٹ میں ٹیکسیشن کے حوالہ سے مسائل کوحل کرلیا جائیگا، وزارت خزانہ اس حوالہ سے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔کراچی سٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی سے ملکی معیشت پرسرمایہ کاروں کے اعتمادکی عکاسی ہورہی ہے
، آئی ایم ایف کے ساتھ ایس بی اے اورتوسیعی فنڈ سہولت پروگرام کا بنیادی مقصدکلی معیشت کے استحکام کوبرقراررکھنا اوراسے برآمدات پرمبنی پائیدارنموکی طرف لے جانا تھا جس کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے حوالہ سے پالیسی سازی اوران پرعمل درآمدپرہماری بھرپورتوجہ ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے حوالہ سے اقدامات ہورہے ہیں، کسٹم میں فیس لیس انٹرایکشن کا نظام وضع کیاجاچکاہے، توانائی کے شعبہ میں اصلاحات پرعمل درآمدہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے جامع ایجنڈاکے تحت کام جاری ہے، پنشن کے نظام میں اصلاحات پرعمل درآمد شروع ہوچکاہے، قرضوں کی ادائیگی میں بہتری آئی ہے۔ ہم وفاقی حکومت کے خرچوں اورحجم میں کمی لارہے ہیں، 42وزارتوں اور400منسلک اداروں کا جائزہ لیاجارہاہے۔یہ عمل بتدریج آگے بڑھارہے ہیں، اس حوالے سے فیصلہ سازی ہوتی ہے، وزیراعظم اورکابینہ منظوری دیتی ہے اوراس پرعمل درآمدشروع ہوتاہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے گزشتہ ایک سال میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیاہے، انڈیکس میں 65ہزارپوائنٹس کااضافہ ہواہے اوراس میں مزید بہتری آرہی ہے،لیسٹد کمپنیوں کی تعدادمیں بھی اضافہ ہورہاہے، مزید آئی پی اوز آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کوپائیدارنمو کی طرف لے جانے میں سٹاک مارکیٹ کاکردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے،ملک کا انحصارملک کی بینکنگ کی صنعت پرہے، 90کے اواخرمیں واپڈا کے بانڈز ہم کامیابی سے لانچ کرچکے ہیں، انہوں نے کہاکہ سٹاک مارکیٹ میں ٹیکسیشن کے حوالہ سے مسائل کوحل کرلیا جائیگا، وزارت خزانہ اس حوالہ سے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔
Comments are closed.