ڈولتی ہوئی معیشت سنبھل چکی ، دس ماہ کی قلیل مدت میں ملک ترقی کی زینے پر چڑھ چکا ، مریم نواز
جانوروں کا ہی نہیں سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے، تقریب سے خطاب
پاکپتن (آن لائن) وزیر اعلی پنجاب نے مویشی پال کارڈ سکیم کا اجرا کر دیا ۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈولتی ہوئی معیشت سنبھل چکی ہے ، دس ماہ کی قلیل مدت میں ملک ترقی کی زینے پر چڑھ چکا ۔ جانوروں کا ہی نہیں سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے۔ منہ اور پاوں کی بیماریاں انسانو ں کو بھی ہوتی ہیں جب منہ کھولتے ہیں تو گالی گلوچ ، بدتمیزی اور بد تہذیبی ہی نکلتی ہے ۔ پاکپتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف دور کے بعد ایک بار پھر معیشت کے لیے اچھی خبریں آنے لگی ہیں، ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے، لائیو اسٹاک اسکیم حاصل کرنے والوں میں طلبا اور خواتین بھی شامل ہیں جس کی بیحد خوشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے وقت پاکستان کے ڈیفالٹ اور ملک کے دیوالیہ ہونے کی خبریں آتی تھی، ملک کو سری لنکا سے ملایا جایا جاتا تھا لیکن آج نو از شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 10 ماہ بھی نہیں ہوئے اور اسٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ توڑنے کی خبریں آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی حکومتیں ایسی دیکھی جو آخری وقت تک عوام کو کہتی تھی کہ ہم منصوبوں پر کام کرنا چاہتے تھے جبکہ ہم اس چیز سے باہر نکل آئے ہیں، ہم جب عوام کو منصوبوں کے ثمرات ملنا شروع ہوتے ہیں پھر انھیں لانچ کرتے ہیں ۔ عوام کو لائیو اسٹاک کا بھی ثمر ملنا شروع ہوگیا ہے۔ اس لیے میں آپ کے پاس آئی ہوں۔ملکی معیشت میں بہتری ذکر کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہے اور استحکام نظر آرہا ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جس میں آٹے اور روٹی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، باقی صوبوں میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے روز اپنی ٹیم سے بحث کرتی ہوں، 15 کروڑ عوام نے روٹی کھانی ہے اس لیے قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ معاشی بہتری کا ثمر عام عوام کو ملنا شروع ہو، لوگوں کے ذرائع آمدن میں اضافہ ہونا چاہیے، عوام کے پاس اتنی استطاعت ہو کہ اپنے بچوں کو تین وقت کی روٹی کھلا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کا پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے جس میں عوام کو مذکورہ کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ 70 ہزار روپے بلا سود 4 ماہ کے لیے دیئے جائیں گے تاکہ جانوروں کی بہترین دیکھ بھال کی جاسکے۔ اس اقدام سے نہ صرف پنجاب کی عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمد میں بھی کار آمد ثابت ہو گی، اس پروگرام کی کوئی لمبی چوڑی شرائط نہیں رکھی گئی، لائیو اسٹاک 20 ارب کا پروگرام ہے جس میں 11 ارب لائیو اسٹاک کارڈ کے لیے مختص ہیں، 90 ہزار لوگوں کو یہ کارڈ دیا جائے گا اور 4 لاکھ جانوروں کے لیے کارڈ کے ذریعے پیسے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی نشونما کو بہتر کرتے ہوئے اس کے گوشت کو برآمد بھی کیا جائے گا۔ صوبہ پنجاب گوشت کی برآمدات کے حولے سے بھی صف اول میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی دفعہ جانوروں کی ٹیگنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے، ہر جانور کو ایک کیو آر کوڈ دیا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں مطلوبہ ڈیمانڈ کا پتہ لگایا جاسکے اور ان کا مکمل ڈیٹا ہمارے پاس موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ میرا آفس کسانوں کو روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کا لز کرتا ہے تاکہ ان کے مسائل سنے جاسکیں، ہر روز رات کو سونے سے قبل میں اس ڈیٹا کا جائزہ لیتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار کسانوں کو 400 ارب روپے کا کسان کارڈ ملا ہے، ہماری جتنی بھی اسکیمیں ہیں اس کے لیے لاکھوں درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو لوگوں کے نواز شریف پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے، نواشریف اور اس کی بیٹی جو وعدہ کرتے ہیں، پورا کرتے ہیں۔
’ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اور مجھے لڑانے کے لئے بڑا پروپیگنڈہ کیا گیا تاہم مخالفین کو نا کامی ہوئی اور کسان آج مجھ سے اتنے ہی خوش ہیں ۔ دہائیوں بعد پہلا سال ہے کہ کھاد بلیک میں فروخت ہوئی نہ منہ مانگی قیمتوں پر بیچی گئی، کھاد کی ایک قیمت مقرر کی گئی اور سستے داموں کسانوں کو فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد کسانوں کے لیے ہر تحصیل میں مشینری فراہم کرنے کی اسکیم لے کر آرہے ہیں تاکہ ان کی مجبوری کو دیکھتے ہوئے منہ مانگی قیمت نہ مانگی جائے، جنوبی پنجاب کی خواتین کو مال و مویشی دینے جارہے ہیں تاکہ افزائش بڑھے اور ان کے پاس باعزت روزگار ہو۔ انہوں نے کہا نے کہا پاکپتن میں 8 ارب روپے کی لاگت سے سڑکیں تعمیر کر رہے ہیں ، سڑکیں بنانے سے قومیں ترقی نہیں کرتی جیسے بیان دینے والوں کی عقل پر ماتم کرتی ہوں، سڑکیں نقل و حمل کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، جہاں سڑکیں بنتی ہیں وہاں ترقی آتی ہے۔
انہوں نے کہا نے کہا کہ منہ اور پاوٴں کی بیماریاں صرف جانوروں کو نہیں انسانوں کو بھی ہوتی ہیں، ایسے لوگوں کا قدم صرف ملک کے خلاف اٹھتا ہے اور جب منہ کھلتا ہے تو گالی گلوچ، بدتمیزی اور بدتہذیبی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کا منصوبہ پورے صوبے میں فعال ہو چکا ہے، آنے والے دنوں میں مزید بہتری آئے گی، رواں سال اپنا گھر اور اپنی چھت پروگرام کے تحت رواں سال ایک لاکھ لوگوں کے گھر بنائے جائیں گے، 5 سال کے اندر 5 لاکھ لوگوں کو گھر دینے کی کوشش کی جائے گی، ہمارے صوبے میں ہر شعبے میں کام ہورہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سابقہ دور حکومت میں کیوں کام نہیں ہوا اور عوام کا پیسہ ان پر خرچ کیوں نہیں کیا گیا، نظر آرہا ہے کہ عوام کا پیسہ ان پر لگایا جارہا ہے، گزشتہ دور میں ایک نیا ہسپتال یا نیا اسکول تک نہیں بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہم جانوروں کی بلکہ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی اچھا علاج کریں گے۔
Comments are closed.