گوادر ائیر پورٹ سے پروازوں کے آغاز پر چینی صدر کے مشکور ہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہونے پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے گوادر کو وسطی و مشرقی ایشیاء اور مشرق وسطی و خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا،گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی طرف ایک اہم قدم ہے،گوادر ائیرپورٹ کا فعال ہونا سی پیک سے پاکستان اور خطے کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گا،آج ہم چینی صدرشی جن پنگ اور میاں محمد نواز شریف کے سی پیک کے ذریعے پاکستان و خطے کی ترقی کے مشترکہ عزم کی تکمیل کے مزید قریب پہنچ گئے

،اللہ کے فضل و کرم سے سی پیک کی شروعات میاں محمد نواز شریف کے دور سے ہوئی اور اس کے اہم سنگ میل بھی انکی قیادت میں عبور ہو رہے ہیں،وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی حکومت کی مشکور ہے،بین الاقوامی سہولیات سے آراستہ گوادر ایئرپورٹ پاک چین دوستی کی اعلی مثال ہے،چین پاکستان کا وہ مثالی بھائی ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا،وزیر اعظم نے کہا کہ دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، وزیرِ اعلی سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان، سکیورٹی پر مامور افسران، اہلکار اور عسکری قیادت کو ائیر پورٹ کی تعمیر کیلئے دن رات انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

Comments are closed.