جی ایچ کیو حملہ کیس ،عدالت نے مشعال یوسفزئی کا عدالت میں دخلہ بند کر دیا

راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق چیئرمین کی وکیل مشعال یوسفزئی کا عدالت میں داخلہ بند کر دیا ہے اور عدالت سے غلط بیانی پر معاملہ خیبر پختونخوا بار کو بھجوانے کا حکم دیا ہے عدالت نے مقدمہ میں نامزد 3 ملزمان کی بریت کی درخواستیں بھی خارج کردی ہیں

عدالت نے ویڈیو شواہد کی یو ایس بیز ملزمان کو دینے کی ہدایت بھی کی ہے عدالت نے مقدمہ میں استغاثہ کے 13 ویں گواہ کا بیان قلمبند کرنے کے بعد سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر عدالت نے ناصر محفوظ، عمر ستی اور سعد سراج کی بریت کی درخواستیں خارج کردی ہیں جبکہ بشریٰ بی بی کی طرف سے دوران سماعت ٹرائل دیکھنے کی اجازت سے متعلق درخواست پر جیل سپرنٹنڈنٹ سے جواب طلب کرلیا ہے

جبکہ عدالت نے استغاثہ کے 13 ویں گواہ کانسٹیبل خرم علی کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے جس میں گواہ نے بتایا کہ ڈنڈوں اور پٹرول بموں سمیت ملزمان سے تمام اشیاء کی برآمدگی اس کے سامنے ہوئی تھی عدالت نے گواہ کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.