سیکورٹی فورسزکی شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسد آپریشن مؤثر کارروائی‘6 خوارج مارے گئے

میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم بہادری سے لڑتے ہوئے شہید
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف کا کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی تحسین‘ دو افسران کی شہادت پر افسوس کا اظہار
راولپنڈی (آن لائن) سیکورٹی فورسز نے 29 اور 30 جنوری کی درمیانی رات خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسد آپریشن کیا، مؤثر کارروائی کے نتیجے میں چھ خوارج مارے گئے،جبکہ میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کی ہے تاہم دو افسران کی شہادت پر ان کے لواحقین سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔صدر نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسد آپریشن کیا، جس کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنائا آپریشن کے دوران چھ خوارج مارے گئے، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں راولپنڈی کے 29 سالہ میجر حمزہ اسرار اور نصیرآباد کے 26 سالی سپاہی محمد نعیم بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، علاقے میں پائے جانے والے کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا،

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔آن لائن کو ملنے والی اضافی معلومات کے مطابق میجر حمزہ اسرار شہید کی عمر 29 سال تھی، میجر حمزہ اسرار شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، انہوں نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، میجر حمزہ اسرار شہید کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی، میجر حمزہ اسرار شہید نے سوگواران میں اہلیہ، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں، 26 سالہ سپاہی محمد نعیم شہیدضلع نصیر آباد کے رہائشی ہیں، سپاہی محمد نعیم شہید نے 6 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کادفاع کیا، سپاہی محمد نعیم شہید نے سوگواران میں والدین چھوڑے۔ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کاروائی کے دوران فتنة الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے کاروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو خراجِ عقیدت پیش کیااورمیجر حمزہ اسرار شہید اور سپاہی محمد نعیم شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔صدر نے کاروائی کے دوران 2 جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی، صبر جمیل کی دعاکی اور کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔صدر نے فتنة الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہارکیا

Comments are closed.