کوئٹہ (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شر پسند عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،عسکری قیادت، سپاہ سالار اور افواج پاکستان حکومت کے ساتھ مل کر پر امن بلوچستان کیلئے دن رات کوشاں ہے،ان خیالت کا اظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو یہاں کوئٹہ میں منعقد ہوا،اجلاس کو صوبے کی امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور دیگر اہم صوبائی امور پر بریفنگ دی گئی
،اجلاس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ بجلی اویس لغاری، رکن قومی اسمبلی جمال کاکڑ، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیرِ اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر محمد سلیم کھوسہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیر اعظم شہبازشریف نے امن وامان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،دہشتگرد نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے لوگ خوشحال، نوجوان تعلیم یافتہ اور برسر روزگار ہوں،بلوچستان کی ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا،شر پسند عناصر کی بزدلانہ کاروائیاں حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے
عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،بلوچستان میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات، روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ حال ہی میں چین میں زرعی شعبے کی جدید تربیت کیلئے بھیجے جانے والے طلباء میں بلوچستان کے طلباء کا خصوصی کوٹہ رکھا گیا،یوتھ پروگرام، وزیرِ اعظم لیپ ٹاپس اسکیم کے ذریعے بلوچستان کے طلباء کو با اختیار بنایا جا رہا ہے،بلوچستان میں زراعت کی ترقی کیلئے زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کی گئی،اللہ کے فضل و کرم سے سی پیک کی تکمیل پر کام تیزی سے جاری ہے،گوادر ایئرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے،گوادر بندرگاہ وسطی ایشیاء و جنوب مشرقی ایشیاء اور باقی دنیا کے مابین پاکستان کو ایک اہم رابطہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی،عسکری قیادت، سپاہ سالار اور افواج پاکستان حکومت کے ساتھ مل کر پر امن بلوچستان کیلئے دن رات کوشاں ہے،مجھ سمیت پوری قوم بلوچستان کے امن کیلئے کوشاں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ و دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
Comments are closed.