راولپنڈی (آن لائن) ملک بھر میں سال 2025 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا اس مہم کے دوران ملک بھر میں 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ انسداد پولیو ورکر گھر گھر جا کر ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائیں گے مہم کے تحت راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو قطرے پلوائے جا رہے ہیں جبکہ راولپنڈی میں جاری مہم میں پولیو ورکرز کے تحفظ کے لئے ضلعی پولیس کے 1700 افسران و اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور کے مطابق راولپنڈی میں 9 ہزار سے زائد ورکر اور انچارج گھر گھر مہم کے دوران 10 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلوائیں گے اسی طرح لاہور میں 14 ہزار ورکر 23 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلوائیں گے عدیل تصور کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیمیں گھر گھر قطرے پلانے میں مصروف ہیں اور پولیو ٹیموں کو ہر گھر پر دستک دینے کی تلقین کی گئی ہے اس طرح مہمان، نومولود بیمار بچوں کو بھی پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جائیں گے
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ترجیحی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی مہم کا انعقاد پنجاب کے تمام اضلاع میں کیا جائے گا جبکہ انسداد پولیو مہم کے دوران گزر گاہوں پو قطرے پلائے جائیں گے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ مہم وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے میں مدد گار ثابت ہو گی انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت اور محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے مہم کی مانیٹرنگ کے لئے بھی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں ادھر ضلعی پولیس کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کے لئے خصوصی حفاظتی انتظامات بھی کئے گئے ہیں سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس کے 1700 افسران و اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں یہ پولیس افسران و اہلکار پولیو مہم کے سلسلہ میں 772 ٹیموں کے ساتھ فرائض انجام دیں گے جبکہ تھانوں کی موبائلز بھی گشت کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنائیں گی اور سینئر افسران وقتاً فوقتاً ڈیوٹی پر مامور افسران کو چیک اور بریف کریں گے۔
Comments are closed.