فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کانگریس کا فیصلہ مسترد کردیا

اسلام آباد (آن لائن)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کانگریس کا فیصلہ مسترد کردیا جس کے باعث پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات ایک بار پھر التوا کا شکار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کانگریس کی دو تہائی اکثریت نے فیفا ترامیم مسترد کردی تھی لیکن فیفا نے پی ایف ایف آئین میں جزوی تبدیلی کا مطالبہ برقرار رکھتے ہوے واضح کردیا ہے کہ جب تک فیفا کے طے شدہ طریقہ کارکے تحت پی ایف ایف آئین میں ترمیم نہیں ہو جاتی تب تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں۔ فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں گزشتہ سال مزید توسیع بھی کی تھی جبکہ چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک کی مدت 15فروری کو ختم ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیفا کے تحفظات پرہارون ملک جلد پی ایف ایف کانگریس ارکان سے ملاقات کرینگے۔ واضح رہے کہ فیفا نیپاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کو الیکشن کروانے کا ٹاسک دیا تھا۔

Comments are closed.