کشمیر کاز کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت کو اجاگر کیا گیا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان نے یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیریو ں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیر کاز کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت کو اجاگر کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ آج پاکستان کی حکومت اور عوام ” یوم یکجہتی کشمیر“ منارہے ہیں اس دن ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس موقع پر صدر ، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے خصوصی پیغامات جاری کئے ہیں ۔شفقت علی خان نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدور ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر خطوط لکھے ہیں
انہوں نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو بھی خطوط بھیجے ۔شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا اور کشمیری عوام کی مرضی کے تعین کے لیے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں منصفانہ و غیر جانبدارانہ استصواب رائے کرانے پر بھی زور دیا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قیادت پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔شفقت علی خان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر سے قبل اسلام آباد میں مقیم سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا گیا ہے سیکرٹری خارجہ کی قیادت میں وزارت کے افسران اور عملے نے آج میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر ’یوم یکجہتی واک‘ میں شرکت کی اندرون ملک و دنیا بھر میں پاکستانی سفارتی مشنز میں سیمینارز، ویبنارز، عوامی ریلیوں اور تصویری نمائشوں سمیت دیگر سرگرمیوں کی ایک وسیع رینج کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا ہے
Comments are closed.