پاکستان ون چائنہ پالیسی کا غیر متزلزل حامی، دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہو گی ، دفتر خارجہ

اسلام آباد (آن لائن) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ون چائنہ پالیسی کا غیر متزلزل حامی ہے ، دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہو گی ، غزہ میں مستقل سیز فائر کے خواہاں ہیں فلسطین کے دو ریاستی حل کے موقف پر قائم ہیں ، افغان شہریوں کی منتقلی غیر قانو نی نہیں ، آئی اے ای کے سربراہ اگلے ہفتے پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں ۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اس وقت چین کے سرکاری دورہ پر ہیں، جہاں انہوں نے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ صدر آصف علی زرداری اور صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں پاک چین تعلقات، خطے اور عالمی امور پر پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر صدر آصف زرداری نے پاکستان کی ون چائنا پالیسی پر غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ پر چین کے موٴقف کی مکمل حمایت کی ہے اور دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے چینی وزیراعظم لی کیانگ سے بھی ملاقات کی ہے اور ون چائنہ اصول پر اپنی حمایت کی تجدید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہانگ کانگ، جنوبی چین سمندر، سنکیانگ پر چین کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، فریقین نے پر امن اور خوشحال جنوبی ایشیا کو خطے کے مفاد میں قرار دیا، فریقین نے افغانستان کے ساتھ قریبی روابط کے تسلسل اور مسئلہ کے حل کی کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ترجمان نے غزہ بارے امریکی بیان پر درعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینوں کو ان کے زمین سے ہٹانے سے متعلق بیان ناانصافی پر مبنی ہے، پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر موٴقف واضح ہے، ہماری پالیسی جو 1947 سے آرہی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ عالمی برادری پر ان خلاف ورزیوں کو بند کرانے کے لیے زور دیتے ہیں 1947 سے فلسطین کے بارے یہی پالیسی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکہ کا علم نہیں، بلاول بھٹو کی ناشتہ پر امریکی صدر سے ملاقات کا علم نہیں، ان کی ملاقاتوں کے بارے پارٹی بتا سکتی ہے فارن افس کے شیڈول میں نہیں ہے۔ افغان شہریوں کی منتقلی پر بات کرتے ہوے ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی غیر قانونی نہیں ہے، ہم اس حوالے سے تمام متعلقہ ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں،

ہم افغانوں کی تیسرے ملک منتقلی کے حوالے متعلقہ ممالک سے رابطہ میں ہیں، یقین ہے راولپنڈی اور اسلام آباد میں تمام 20 لاکھ افغان مقیم نہیں ہیں۔ ترجمان نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر بات کرتے ہوے کہا حکومت پاکستان نے گذشتہ روز کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منایا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے سفارتی مشنز میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی فلسطین کی طرح مسئلہ کشمیر پر بھی توجہ دی جائے اور بھارت کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق اس ایشو کے حل کے لئے قائل کیا جائے ۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل انتہائی اہم ہے ۔ ترجمان نے کہا سیکریری خارجہ امنہ بلوچ نے تہران کا دورہ کیا ۔ انہوں نے نے ای او وثرن اور علاقائی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی اے ای کے سربراہ بھی اگلے ہفتے پا کستان کا دورہ کریں گے ۔ ترجمان نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ انکی خد مات ہمیشہ یاد ر کھی جائیں گی ۔ ترجمان نے کہا کانگو میں ایک سو پاکستانی پھنسے ہوے ہیں ان میں سے پچھہتر کو روانڈا منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دیگر کی امداد کے لئے بھی کام جاری ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی حکومت نے نئے ایگزیکٹو حکمنامے کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کی بیدخلی پر تیزی سے کام شروع کیا ہے، گوانتانا موبے کے دوبارہ کھلنے کا معاملہ ہماری امریکا کے ساتھ بات چیت کا حصہ نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جرمنی میں سفارت خانے پر حملہ اور قومی پرچم کی بیحرمتی ایک حساس معاملہ ہے

، اس سے پاکستانیوں کے جذبات متاثر ہوئے ہیں، جیسے ہم کسی بھی سفارتی مشن کی سیکیورٹی کی ذمہ داری لیتے ہیں، جرمنی میں ہمارے سفارت خانے کا تحفظ جرمن وزارت خارجہ کی ذمہ داری تھی، ماضی میں سفارت خانے پر حملے پر جرمن حکومت سے رابطہ میں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے جلد تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم معتدل و پرامن شام اور وہاں سے بے یقینی و مسائل کے خاتمے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے جرگہ کا معاملہ دفتر خارجہ کی مدد سے ہوگا۔ ترجمان نے کہا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سابق امریکی صدر بائیڈن کو رحم کی اپیل مسترد ہو گئی ہے، اپیل مسترد ہونے کے بعد امریکی محکمہ انصاف نے کیس کو بند کر دیا ہے، اب ڈاکٹر عافیہ صدیقی مستقبل میں دوبارہ اپنے وکلا کے ذریعے کسی بھی وقت نئی رحم کی اپیل کر سکتی ہیں۔

Comments are closed.