سہ فریقی سیریز: نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دیدی

 لاہور(آن لائن )سہ فریقی سیریز: نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دیدی۔سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی، کیویز کی جانب سے مچل سینٹنر اور میٹ ہینری نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گلین فلپس کی جارحانہ سنچری کی بدولت مقرری 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے 9 کھلاڑی 252 رنز پر آوٴٹ ہوگئے جب کہ حارث روٴف باوٴلنگ کے انجرڈ ہوکر گراوٴنڈ سے باہر چلے گئے تھے جس کی باعث وہ بیٹنگ کے لیے بھی نہیں آئے اور مہمان ٹیم نے میچ 78 رنز سے جیت لیا۔قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب کی انجری کے باعث اسکواڈ میں ریگولر اوپنر نہ ہونے کے سبب بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ ناکام ثابت ہوئے، بابر 23 گیندوں پر صرف 10 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔قومی ٹیم میں فخرزمان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رک سکا، فخرزمان نے 69 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔کامران غلام 18، محمد رضوان 3، سلمان علی آغا 40، طیب طاہر 30، خوشدل شاہ 15، شاہین شاہ آفریدی 10 اور نسیم شاہ 13 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور میٹ ہینری نے 3،3 جب کہ مائیکل بریس ویل نے 2 اور گلین فلپس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل، کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے ول یونگ اور رچن روینڈرا نے بالترتیب 4 اور 25 رنز کی اننگز کھیلی۔کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، ولیمسن 58 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے اور ڈیرل مچل نے 81 رنز کی اننگز کھیلی، وکٹ کیپر بلے باز ٹام لیتھم کھاتہ کھولے بغیر آوٴٹ ہوئے۔کیوی بلے باز گلین فلپس نے آخری لمحات میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، انہوں نے 71 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آوٴٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، ابرار احمد نے 2 اور حارث روٴف نے ایک وکٹ حاصل کی۔کیوی کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل یہ سیریز بہت اہم ہے اور پاکستان کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔قومی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ پہلے بیٹنگ کریں یا باوٴلنگ، جبکہ جو اہم چیزیں چیمپئنز ٹرافی میں کرنا چاہتے ہیں اس سیریز میں اس کی تیاری کریں گے۔

Comments are closed.