قائمہ کمیٹی اجلاس،انسانی حقوق کا ایجنڈا تبدیل کئے جانے پر چیئرمین کمیٹی برہم ،احتجاجا واک آؤٹ

اسلام آباد(آن لائن )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا ایجنڈاتبدیل کیے جانے پر چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے بطورچیئرمین برہمی کااظہار کرتے ہوئے احتجاجاً اجلاس سے واک کردیاہے اور کہاہے کہ کمیٹی ایجنڈے میں اڈیالہ جیل کے دورے سے متعلق امور نکال دیے گئے ،ایجنڈا وفاقی وزیر کے مرضی سے طے ہوا تھا،آخری وقت پر ہمیں بتایا گیا کہ یہ ریوائزڈ ایجنڈا ہے، ہم صرف اڈیالہ جیل دورہ کر کے جیل مینوئل کا جائزہ لینا چاہ رہے تھے، ایک طے شدہ چیز ایجنڈے سے نکلنا ہماری توہین ہے، جب تک اڈیالہ جیل کے دورے کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا جاتا میں اس کمیٹی کی صدارت نہیں کروں گا۔چیئرمین حامدرضاکی زیرصدارت انسانی حقوق کمیٹی کااجلاس شروع ہوااور ایجنڈے میں تبدیلی پرملتوی کردیاگیا

، وفاقی وزیر انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ آپ اس کمیٹی کا ضرور حصہ رہیں۔ رکن کمیٹی ریاض فتیانہ نے کہاکہ ایجنڈا وفاقی وزیر اور چیئرمین کمیٹی ملکر فائنل کرتے ہیں،ایجنڈے کو فائنل کرنے کا اختیار چیئرمین کمیٹی کو حاصل ہے۔اس دوران چیئرمین کمیٹی صاحب زادہ حامد رضا کا کمیٹی اجلاس چیئر کرنے سے انکارکردیااور کہاکہ پچھلے کچھ ماہ سے میرے ساتھ جو ہوا وہ میں کمیٹی میں نہیں اٹھانا چاہتا،مجھے کوئی بھی ڈکٹیشن نہیں دے سکتا،شیر افضل مروت نے کہاکہ پیکا ایکٹ آپریشنل تب ہو گا جب عدالت بنے گی۔ ایبٹ آباد پولیس نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، وفاقی وزیر انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ کچھ معاملات ہائیکورٹ نے طے کئے تھے،سائبر کرائم ایجنسی بننے تک موجودہ ایجنسی کارروائی کر سکتی ہے، ایجنسی بننے کے بعد پیکا ایکٹ کے اختیارات اسی ایجنسی تک محدود رہیں گے۔

Comments are closed.