پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلیے بھی کوالیفائی کرلیا،صدرو وزیراعظم شہباز اور سپیکر کی مبارکباد
اسلام آباد /کراچی (آن لائن)سہ فریقی سیریز کے تیسرے اور اہم میچ میں پاکستان نے ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلیے بھی کوالیفائی کرلیا۔ جنوبی افریقہ کا 353 رنز کا ہدف پاکستان نے صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر 49ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے شاندار سنچریاں بنائیں۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 91 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ بابر اعظم 23، سعود شکیل 15 اور فخر زمان 41 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔
تاہم چوتھی وکٹ پر سلمان علی آغا اور محمد رضوان کے درمیان 262 رنز کی ریکارڈ ساز پارٹنرشپ بنی۔ سلمان علی آغا 103 گیندوں پر 134 رنز بنا کرآوٴٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد رضوان 122 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے جب پاکستان ٹیم نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں 350 یا اس سے زائد کا ہدف عبور کیا ہو۔ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 352 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجادیا۔ ہینرک کلاسین 87، میتھیو بریٹزکی 83 اور ٹیمبا باووما 82 رنز کی اننگز کھیل کرآوٴٹ ہوئے۔کائل ویریانے 32 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ساڑھے تین سو کے ہندسے کے پار پہنچایا۔انکے علاوہ ٹونی ڈی زورزی نے 22 اور کوربن بوش نے 15 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ کے علاوہ تمام بولرز نے 6 سے زائد اوسط سے رنز دیے۔ تاہم اس کے باوجود شاہین آفریدی دو جبکہ نسیم شاہ اور خوشدل شاہ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ سہ فریقی سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف اہم میچ کے لیے پاکستان کی فائنل الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔پاکستان ٹیم میں کامران غلام کی جگہ سعود شکیل کو جبکہ حارث روٴف کی جگہ پر محمد حسنین کو ٹیم کو شامل کیا گیا۔
قومی ٹیم کپتان محمد رضوان، فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ابرار احمد پر مشتمل تھی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کا فائنل 14 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ دونوں کو ہی گروپ میچز میں شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف و سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے کرکٹ میچ میں پاکستان کی فتح پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے شاندار کھیل پیش کرنے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔وزیراعظم نے چئیر مین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ محمد رضوان اور سلمان آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر سے قوم کے دل جیت لئے ۔چیمپئینز ٹرافی سے قبل اس اہم جیت پر ٹیم کا مورال بلند ہو گا ۔
امید ہے کہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ میں پاکستان کی کامیابی پر مبارکباد دی اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے بہترین کھیل پیش کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو سراہا ۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، امید ہے کہ کرکٹ ٹیم سیریز میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
Comments are closed.