آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 6 سال مکمل، عسکری قیادت کا مسلح افواج کو خراج تحسین

پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو بھارتی دراندازی کا تاریخ ساز دفاع کیا
شاہینوں نے بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، آپریشن میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا گیا

راولپنڈی ( آن لائن) 29 فروری بھارت کیلئے سپرائز ڈے، ملکی خودمختاری کے دفاع کے عزم کی تجدید کا دن ہے، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 سال مکمل ہوگئے۔پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو بھارتی دراندازی کا تاریخ ساز دفاع کیا، 26 فروری کو بھارتی فضائیہ نے جعلی سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ رچایا، بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کے نام پر رات میں پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔پاک فضائیہ نے دن کے اجالے میں بھارتی دراندازی کا موٴثر جواب دیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 27 فروری کو 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، آپریشن میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا گیا۔آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 سال مکمل ہونے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس اف سٹاف، سروسز چیفس نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری قیادت نے مسلح افواج کے غیرمتزلزل حوصلے، پروفیشنلزم، قربانیوں کو سراہا، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ بھارت کی بلا جواز جارحیت کے خلاف ایک مضبوط اور محتاط جواب تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن نے پاکستان کے اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر ثابت کیا،

آپریشن نے پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل مہارت اور تیاری کو اجاگر کیا، جارحیت کو موٴثر طریقے سے روکنے اور فوری جواب کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پورے معرکے کے دوران مکمل آپریشنل غلبہ برقرار رکھا گیا، عسکری قیادت نے پاکستان کی قومی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا، علاقائی امن کے قیام کیلئے جاری کوششوں کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔عسکری قیادت کے مطابق مسلح افواج کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، مسلح افواج عوام کے اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گی، عسکری قیادت مسلح افواج مادروطن کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ بھرپور تیار ہیں۔

Comments are closed.