کچھ لوگ منفی سوچ پھیلاتے ہیں جو ملک کو آگے نہیں بڑھنے دیتے ، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (آن لائن)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہاہے کہ کچھ لوگ منفی سوچ پھیلاتے ہیں جو ملک کو آگے نہیں بڑھنے دیتے ، اخبارات کو اگر اشتہار نہ ملے تو وہ دو ماہ بھی نہ چل سکے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پروجیکٹس پر کوئی اور تنقید ہونہیں سکی تواشتہارات کا پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ان کے اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی ہے، میاں نوازشریف کی قیادت میں 2017 تک ملک ٹھیک چل رہا تھا اسکے بعد 2022 تک بھرپور کرپشن ہوئی،ملک ڈیفالٹ تک پہنچ چکا تھاہم نے دوبارہ کندھا دیااور ملک پھر بہتری کی طرف گامزن ہوچکاہے۔ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کے لئے بے شمار اقدامات کئے گئے ہیں جن میں صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر اہم شعبوں میں ان کی مدد کے لئے مختلف سکیمیں شامل ہیں

آ ن لائن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اقلیتی برادری کو مائنارٹی کارڈز تقسیم کرنے کے حوالے سے اقبال آڈیٹوریم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خاں اور صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کے لئے بے شمار اقدامات کئے گئے ہیں جن میں صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر اہم شعبوں میں ان کی مدد کے لئے مختلف سکیمیں شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مائنارٹی کارڈز اقلیتی برادری کے افراد کو شناخت فراہم کرنے کی طرف اہم قدم ہے۔رانا ثناء اللہ خاں نے مزید کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی ہے انہوں نے کہاکہ مینارٹی کارڈ سمیت جتنے بھی پروجیکٹ کئے جارہے ہیں انکا مقصد عام آدمی کو سہولت فراہم کرنا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا مقصد مہنگائی کے مقابلے میں عام آدمی کو کچھ ریلیف دینا ہے،

مہنگائی کی شرح چالیس فیصد سے چار فیصد تک پہنچ گئی ہے،اسے مزید کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،ہمت کارڈ کے ذریعے بھی مدد کی جارہی ہے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ان پروجیکٹس پر کوئی اور تنقید ہونہیں سکی تویہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ اشتہار دئیے جارہے ہیں،میڈیا فورتھ پلر ہے،میڈیا کو اشتہار نہ دئیے جائیں تو میڈیا مالکان دو ماہ سے زیادہ نہ چل سکیں،مہنگائی کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام کام کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1999 میں ملک آگے بڑھ رہا تھا کہ 12 اکتوبر آگیا،9 سال میں یہ کہا گیا کرپشن بہت ہے ہم حقیقی جمہوریت لا رہے ہیں،حقیقی جمہوریت ایسی آئی کہ دہشت گردی عام ہوگئی،جو گھر سے نکلتا تھا اسے واپس آنے کی امید کم ہوتی تھی،لوڈشیڈنگ کی بھی انتہا کی ہو گئی،لوگ پاکستان نہیں آتے تھے کہ دہشتگردی بہت ہے،2012 میں ہم آئے ہم نے چار سال میں دونوں مسئلوں کو حل کیا،2017 تک ملک ٹھیک چل رہا تھا اسکے بعد 2022 تک بھرپور کرپشن ہوئی،ملک ڈیفالٹ تک پہنچ چکا تھا،ہم نے دوبارہ کندھا دیااور ملک کو بہتری کی طرف لائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ملک اب اسی طرح تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و خوشحالی کی منازل کی جانب گامزن رہے گا،۔صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ مائنارٹی کارڈز اقلیتی برادری کے افراد کو شناخت فراہم کرنے اور ان کے حقوق کی حفاظت کرنے کے لئے ایک اہم قدم ہیں۔ پنجاب حکومت کا یہ اقدام اقلیتی برادری کے لئے ایک اور مثالی قدم ہے جس کے ذریعے انہیں نہ صرف اپنے حقوق کی پہچان حاصل ہو گی بلکہ انہیں حکومت کی مختلف سکیموں اور پروگراموں میں شرکت کی سہولت بھی ملے گی۔۔تقریب میں اختتام پر رانا ثناء اللہ خاں اور رمیش سنگھ اروڑہ نے کارڈز تقسیم کئے ۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی عارف محمود گل،عظمیٰ جبیں راجہ اور قدسیہ بتول،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد سرور خاں، مسلم لیگ (ن )کے رہنما عرفان منان،آزاد علی تبسم،جعفر علی ہوچہ ،فقیر حسین ڈوگر،راجہ دانیال،ملک عبدالرزاق ، راناعلی عباس و دیگر بھی موجود تھے۔

Comments are closed.