کسی بھی گروہ کو پاکستان کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،آرمی چیف

افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیاں جاری ہیں، غیر ملکی اسلحے کا استعمال واضح ثبوت ہے
خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا خوارج کی اسلام دشمنی کا ثبوت ہے، دہشتگردوں کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے
پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہے گی
آرمی چیف کا بنوں کا دورہ کیا، سیکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز پر بریفنگ‘جوانوں کے حوصلے کی تعریف‘سی ایم ایچ کا بھی دورہ

راولپنڈی، بنوں(آن لائن)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، کسی بھی گروہ کو پاکستان کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیاں جاری ہیں، غیر ملکی اسلحے کا استعمال واضح ثبوت ہے،خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا خوارج کی اسلام دشمنی کا ثبوت ہے، دہشتگردوں کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے‘پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ آرمی چیف نے جمعرات کو بنوں کا دورہ کیا،یہ دورہ 4 مارچ کو بنوں چھاؤنی پر ناکام دہشتگرد حملے کے حوالے سے تھا۔آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز پر بریفنگ دی گئی، زخمی فوجیوں کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ بنوں کا بھی دورہ کیا۔جنرل عاصم منیر نے جوانوں کے حوصلے اور عزم کو سراہا، کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر قیمت پر دہشتگردی کا سدباب کرے گی۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بنوں کنٹونمنٹ کا دورہ کیا، جہاں 4 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے حملہ ناکام بنادیا تھا،

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو علاقے میں جاری آپریشنز اور مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) بنوں کا بھی دورہ کیا اور زخمی فوجیوں کی خیریت دریافت کی، اور ان کے غیر متزلزل عزم اور حوصلے کی تعریف کی، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہے گی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے اس گھناؤنے اور بزدلانہ واقعے میں شہید ہونیوالے بے گناہ شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، اور انہیں یقین دلایا کہ حملے کے گھناؤنے کرداروں کو بہادر جوانوں نے فوری کارروائی کرکے انجام تک پہنچایا تاہم اس گھناؤنے حملے کے منصوبہ ساز اور سہولت کار جہاں بھی ہوں گے، انہیں بھی جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں، خواتین اور بوڑھوں سمیت شہریوں کو وحشیانہ نشانہ بنانے سے خوارج کے اسلام کے دشمنی کے حقیقی عزائم بے نقاب ہو ئے ہیں

، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے، مسلح افواج پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گی، جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے حملہ آوروں کو ناکام بنانے اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے جرات مندانہ، فوری اور فیصلہ کن ردعمل کو سراہا، انہوں نے مزید کہا کہ دشمن عناصر کی ایماء پر کام کرنے والے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج سمیت دہشت گرد گروہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں میں غیر ملکی ہتھیاروں اور آلات کا استعمال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغانستان ایسے عناصر کی محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی گروہ کو پاکستان کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قبل ازیں ان کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

Comments are closed.