مسلم امہ کو چیلنجز کا مقابلہ حکمت اور بصیرت سے کرنا ہوگا، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلمان یکجا ہوئے انہوں نے دنیا میں امن و استحکام قائم کیا اور اسلام کا ڈنکا بجا
ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر مذہب، ہر فرقے اور ہر قوم کے لوگ امن اور بھائی چارے کے ساتھ رہ سکیں،رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام اور خادم حرمین شریفین کی میزبانی میں منعقدہ دوسری بین الاقوامی اسلامی کانفرنس میں خطاب
جیکب آباد (آن لائن) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی ہے، مسلم امہ کو چیلنجز کا مقابلہ حکمت اور بصیرت سے کرنا ہوگا۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام اور خادم حرمین شریفین کی میزبانی میں منعقدہ دوسری بین الاقوامی اسلامی کانفرنس میں خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا بنیادی حل باہمی اتحاد اور یکجہتی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ مقاصد کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں ہمیشہ مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازشیں کرتی رہی ہیں لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلمان یکجا ہوئے انہوں نے دنیا میں امن و استحکام قائم کیا اور اسلام کا ڈنکا بجا،
مولانا نے زور دیا کہ موجودہ دور میں بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی رواداری اور اسلامی اقدار کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے آج کے دور میں امت مسلمہ کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن میں مغربی دنیا کی اسلاموفوبیا کی مہم، مسلمانوں کے خلاف سازشیں، فلسطین اور کشمیر جیسے دیرینہ مسائل شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم قیادت کو ان چیلنجز کا مقابلہ حکمت و بصیرت سے کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن، محبت، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے انتہا پسندی اور شدت پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ اسلام اعتدال اور توازن کا دین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر مذہب، ہر فرقے اور ہر قوم کے لوگ امن اور بھائی چارے کے ساتھ رہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلم ممالک یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور آپس میں تعاون کو فروغ دیں تو ہر مسئلہ پر کامیابی ہوگی۔ ایسی پریس ریلیز جے یو آئی سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے جاری کی ہے کانفرنس میں عالم اسلام کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی آراء پیش کیں۔اس موقع پر جے یو آئی کے ممتاز رہنماؤں مفتی اسعد محمود،جے یو آئی سندھ کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو، مفتی ابرار احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔
Comments are closed.