اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان انویسٹمنٹ فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے اور امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہیے۔ وزیراعظم سے یہاں امریکی وفد نے ملاقات کی ۔ بات چیت کے دوران معدنی شعبے میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت سینئر بیورو آفیشل اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری، بیورو آف ساوٴتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز، یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف سٹیٹ نے کی، وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔وزیراعظم نے دوطرفہ تناظر اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔
انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی، انہوں نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کیا اور امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری میئر نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی امریکی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سطح حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Comments are closed.