آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی اعلیٰ سطحی وفدکی ملاقات ‘معدنیات کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال

حکومتی کے ساتھ ساتھ عوامی اور کاروباری سطح پر بھی تعاون کو فروغ دینے اوردو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق
امریکی حکومت معدنیات کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو اپنی ترجیحات میں اہم مقام دیتی ہے‘ایرک مائر

راولپنڈی (آن لائن )چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی اور معدنیات کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ عوامی اور کاروباری سطح پر بھی تعاون کو فروغ دینے اوردو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکہ کے سینئر بیورو افسر برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور، مسٹر ایرک مائر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کے روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔یہ ملاقات پاکستان کے حالیہ منعقدہ معدنی سرمایہ کاری فورم کے پس منظر میں ہوئی

، جس کا مقصد ملک میں موجود معدنی وسائل کو ترقی دینا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے۔ امریکی وفد نے فورم کو ایک مثبت اور دور رس اقدام قرار دیا اور پاکستان کی اس پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا جس کے تحت وسیع معدنی ذخائر کو باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے ذریعے ترقی دی جا رہی ہے۔مسٹر مائر نے اس بات پر زور دیا کہ امریکی حکومت معدنیات کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو اپنی ترجیحات میں اہم مقام دیتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول میں بتدریج بہتری کو بھی سراہا۔ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے عالمی اور علاقائی صورتحال، خصوصاً پاکستان کے سیکیورٹی تقاضوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت رجحان پر اعتماد کا اظہار کیا اور اتفاق کیا کہ حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ عوامی اور کاروباری سطح پر بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا تاکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

Comments are closed.