پارلیمانی سفارتکاری ای سی او رکن ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے،سردار ایازصادق

اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں ای سی او رکن ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈاکٹر اسد مجید خان کو ای سی او کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباددی اورکہا کہ پارلیمانی سفارتکاری ای سی او رکن ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، ای سی او رکن ممالک کے پارلیمانوں میں قریبی تعاون، خطے کی ترقی اور پائیدار امن میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ قومی اسمبلی آف پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی فعال اور سرگرم ممبر ہے

، پاکستان کی قومی اسمبلی کو ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کی جنرل کانفرنس کی دو مرتبہ میزبانی کرنے کا اعزاز حاصل ہے، ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کا عبوری سیکرٹیریٹ پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائم ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے سیکرٹری جنرل ای سی او کو قومی اسمبلی میں قائم عبوری سیکرٹیریٹ کو مستقل سیکرٹیریٹ بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا۔ایازصادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس ای سی او رکن ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔سیکرٹری جنرل ای سی او ڈاکٹر اسد مجید خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔سیکرٹری جنرل ای سی او نے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی پارلیمانوں میں روابط کو فروغ دینے میں اسپیکر سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔سیکرٹری جنرل ای سی او کی اسپیکر قومی اسمبلی کو ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کے سیکرٹیریٹ کو مستقل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Comments are closed.