وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن منانے کیلئے بھارت سے ساڑھے 6 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی آمد

بھارتی سکھ یاتری واہے گروجی کا خالصہ، واہے گروجی کی فتح کے نعرے لگاتے واہگہ بارڈر پہنچے

لاہور (آن لائن) وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن منانے کے لیے بھارت سے ساڑھے 6 ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے اور واہگہ بارڈر پر بھارتی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی۔ بھارتی سکھ یاتری واہے گروجی کا خالصہ، واہے گروجی کی فتح کے نعرے لگاتے واہگہ بارڈر پہنچے، پاکستان کی طرف سے وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کے لیے 6 ہزار 751 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ واہگہ بارڈر پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکریٹری فرید اقبال، ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سرداررمیش سنگھ اروڑہ سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین اور وفاقی وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کے نمائندوں نے بھارتی مہمانوں کا استقبال کیا۔

بھارتی سکھ یاتریوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے بارڈر کے دونوں جانب امیگریشن کا عمل صبح 8 بجے شروع کردیا گیا، امرتسر، ہریانہ، اتر پر دیش، دہلی اور دیگر 11 بھارتی ریاستوں سے یاتری پاکستان پہنچے ہیں ان میں زیادہ تعداد بزرگوں کی ہے۔ بھارت میں موجود کئی سکھ بزرگ یاتریوں کی خواہش تھی کہ وہ پنجاب میں اپنے آبائی گھر دیکھنا چاہتے ہیں،انہیں اس کی اجازت دی جائے، کئی بزرگوں کو اپنے گاوٴں، شہروں اورمحلوں کے نام تک یاد تھے۔

پہلی بار پاکستان آنے والے بھارتی سکھ نوجوان بھی کافی خوش اور پرجوش نظر آئے، نوجوان بھارتی خواتین نے بتایا کہ انہوں نے فلموں میں پاکستان کی جو تصویر دیکھی تھی یہاں تو اس کے بالکل برعکس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اور یہاں کے لوگوں کے لباس، زبان سب ایک جیسا ہے، پاکستانی بہت ملنسار اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ بھارتی مہمانوں کو اسپیشل بسوں کے ذریعے ان کی منزل کی طرف روانہ کیا گیا، تین ہزار یاتریوں کے پہلے گروپ کو واہگہ سے گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جبکہ ساڑھے تین ہزار سے زائد یاتریوں کے دوسرے گروپ کو واہگہ سے گردوارہ دربار صاحب کرتار پور روانہ کیا گیا۔

بھارتی یاتریوں سے ٹرانسپورٹ کرایہ کے طور ساڑھے 17 ہزار روپے فی کس لیے گئے ہیں تاہم رہائش، لنگر اور میڈیکل کی سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ بھارتی یاتری اپنی مذہبی رسومات اور یاترا مکمل کرکے 19 اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے ہی واپس جائیں گے۔

Comments are closed.