پاکستان خطے میں امن وسلامتی کی خاطر بات چیت کیلئے تیار ہے‘جارحیت ہو گی تو بھرپورجواب دیں گے‘ شہباز شریف

تہران(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن وسلامتی کی خاطر بات چیت کیلئے تیار ہے‘دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، جارحیت ہو گی تو ہم اس کا بھرپورجواب دیں گے‘عالمی برادری غزہ میں فوری اوردیرپا جنگ بندی یقینی بنائے۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اوآئی سی کے پلیٹ فارم پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے،معیشت،بین الاقوامی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پربات ہوئی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں شہبازشریف کا ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ایران کا دورہ کرکے دلی مسرت ہوئی، ایران کوہم اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدرکے ساتھ تعمیری اورمفید بات چیت ہوئی، دوران گفتگو دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووٴں کاجائزہ لیاگیا جبکہ تجارت،سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کووسعت دینے پراتفاق ہوا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اورایران کے گہرے تاریخی،مذہبی اورثقافتی تعلقات ہیں، دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے پر اتفاق رائے کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدرکے پاکستانی عوام کیلئے جذبات پرمشکورہوں‘ ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے فون کرکے خطے میں کشیدگی پرگہری تشویش کا اظہار کیا، ایرانی وزیرخارجہ عراقچی بہترین سفارت کارہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری بہادرمسلح افواج نے دلیرانہ کارروائی کی، مسلح افواج نے اپنے عوام کی طاقت سے کامیابی حاصل کی، پاکستان پرامن ملک ہے اور خطے میں امن وسلامتی چاہتا ہے، امن کی خاطر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پانی کے مسئلے،انسداد دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں،

جارحیت ہو گی تو ہم اس کا بھرپورجواب دیں گے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، غزہ میں50ہزارسے زیادہ لوگوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری غزہ میں فوری اوردیرپا جنگ بندی یقینی بنائے۔ایرانی صدر ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان برادرہمسایہ ملک،وزیراعظم شہبازشریف کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں،دونوں ملکوں کے دہائیوں پرمحیط ثقافتی،تاریخی تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کے پلیٹ فارم پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے،معیشت،بین الاقوامی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پربات ہوئی۔

Comments are closed.