ملک بھر میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہوگی، رویت ہلال کمیٹی کااعلان

اسلام آباد(آن لائن) ملک بھر میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو ہوگی۔رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیرصدارت مرکزی اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر ہوئے۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، اس لیے یکم ذوالحج 29 مئی بروز جمعرات کو ہوگی، جبکہ عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو ہوگی۔اس سے قبل لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور کی زونل ہلال کمیٹیوں نے مرکزی کمیٹی کو بتایا کہ کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے سربراہ مفتی محمد رمضان سیالوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں مقتدر علماء اور کمیٹی ارکان شریک ہوئے اور لاہور میں چاند نظر آنے کا مقررہ وقت ختم ہوچکا جبکہ مقررہ وقت کے دوران چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔سربراہ کراچی زونل کمیٹی کی جانب سے بھی بتایا گیا کہ کراچی میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔

علامہ حافظ سلفی نے کہا کہ کراچی میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، کراچی اور سندھ کے کسی حصے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا آگاہ کردیا ہے۔زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کی جانب سے بتایا گیا کہ پشاور میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔چیئرمین زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ مولانا انوار الحق حقانی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صوبے کے کسی علاقے سے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں اور بلوچستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر نہیں آیا۔

دوسری جانب سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا وہاں عیدالاضحی6 جون کو منائی جائے گی۔ اور مناسک حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ پانچ جون کو ادا کیا جائے گا۔ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحی6 جون کو منائی جائے گی۔ انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی دارالسلام کے علاوہ جاپان میں بھی چاند نظر آگیا وہاں بھی عید الاضحی6جون بروز جمعہ کو منائی جائے گی ،جبکہ جاپان میں دنیا میں سب سے پہلے عید الاضحٰی 1446 ہجری کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔

جاپان کی رویت ہلال کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق جاپان میں آج چاند نظر نہیں آیا، لہذا جاپان میں یکم ذی الحج 29 مئی بروز جمعرات جبکہ عید الاضحٰی 7 جون بروز ہفتہ کو ہو گی۔ ملائیشیا اور برونائی دارالسلام میں اعلان کیا گیا ہے کہ ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، لہذا ان ممالک میں عید الاضحٰی 7 جون بروز ہفتہ کو ہو گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل اسپارکو اور محکمہ موسمیات نے بھی پیشگوئی کی تھی کہ 26 مئی کو پاکستان میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں،جس کے باعث عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہوگی۔

Comments are closed.