ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

سیول،اسلام آباد (آن لائن )پاکستان کے جیولن تھرو اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا۔جنوبی کوریا میں جاری چیمپئین شپ میں ارشد ندیم نے آخری تھرو 86.40 میٹر کی تھی جس نے انہیں گولڈ میڈل کا حقدار بنوایا، اس سے قبل 85.57 میٹر لمبی تھرو کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ارشد ندیم کی پہلی تھرو 75.64، دوسری تھرو میں 76.80 جبکہ تیسری تھرو 85.57 میٹر رہی تھی۔دوسرے پاکستانی جیولن تھرو اسپیشلسٹ یاسر سلطان 70.53، 74.50 میٹر کی تھرو کرسکے تھے، وہ اسوقت 7ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔پہلے راوٴنڈ میں سری لنکا کے جیولن پھینکنے والے کھلاڑی ٹاپ 2 پوزیشن پر قابض تھے تاہم ارشد ندیم نے انہیں دوسرے اور تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے، جنہوں نے 81.91 اور 79.81 میٹرز کی تھرو کی تھیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ جیتنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے کھیل میں ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا، ارشد ندیم نے فائنل سمیت پوری چیمپیئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا، ارشد ندیم کی اس شاندار جیت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پوری قوم کو ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیتنے کے جویلین تھرو کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا اور شاندار فتح پر ارشد ندیم اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے

، وزیر اعظم نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ،ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی،ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال ہے ۔بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایشین ایتھلیٹکس میں کامیابی پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے ،سردار ایازصادق نے کہا کہ شاباش ارشد ندیم آپ نے ایک بار پھر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا،ارشد ندیم کی جیت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ارشد ندیم پاکستان کا ہیرو ہے ،ہمیں ارشد ندیم پر ناز ہے، ارشد ندیم کی جیت سخت محنت اور لگن سے ایک بار پھر پاکستان کا پرچم سر بلند کیا، ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں پاکستان کا پرچم بلند کر کے سب کے دل جیت لیے ہیں، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے عالمی چیمپئن ارشد ندیم کو ایشین چیمپئن جتنے پر مبارکباد پیش کی ہے ،ایشین چیمپئن میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے، انہوں نے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل جیت کر ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اللہ تعالیٰ ارشد ندیم کو مستقبل میں مزید کامیابیوں سے نوازے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولین تھرو کے چیمپین اور قومی ہیرو ارشد ندیم اور یاسر سلطان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباددی ہے اور ارشد ندیم اور یاسر سلطان کی کامیابی کے تسلسل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ،مریم نواز نے کہا کہ الحمدللہ—! پاکستان کے لیے ہر میدان سے خوشیوں اور خوش خبریوں کی ہوا چل پڑی ہے،ارشد ندیم کے نیزے کے ساتھ قوم کی دعائیں اور امیدیں بلند ہوئیں، گولڈ میڈل کے ساتھ قوم کے دل بھی جیتے،تاریخ بھی جیتی،ارشد ندیم اور یاسر سلطان جیسے ہیروز ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں،ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے دنیا کو بتایا کہ اگر ریاست ساتھ دے، تو پاکستانی نوجوان کسی بھی چوٹی کو سر کر سکتے ہیں،حکومت پنجاب نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں تاکہ وہ دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کریں ۔

Comments are closed.