اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی انجم عقیل خان، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور راجہ خرم نواز نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر برائے پارلیمانی امور یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت برائے پاور عبدالرحمن کانجو اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران اراکینِ اسمبلی نے وزیراعظم کو مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی قومی اسمبلی میں کامیاب پیشی پر مبارکباد دی اور اسے عوام دوست، ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ اور قومی معیشت کو مستحکم کرنے والا بجٹ قرار دیا۔ اراکین نے بجٹ کی منظوری کے لیے اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔شرکاء نے وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات میں حلقہ جاتی مسائل، سی ڈی اے متاثرین کو درپیش مشکلات، اور پانی کی قلت جیسے اہم عوامی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔اراکین اسمبلی نے اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی اور جناح میڈیکل یونیورسٹی جیسے منصوبوں کے آغاز پر وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ایم این اے انجم عقیل خان نے ان منصوبوں کو وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی و طبی شعبے کے لیے سنگ میل قرار دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اسلام آباد کے شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.