پارلیمان جمہوریت کی بنیاد اور عوام کے اعتماد کی علامت ہے،فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد (آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پارلیمان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمان جمہوریت کی بنیاد اور عوام کے اعتماد کی علامت ہے، جسے مضبوط بنانے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ کی حامل پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمانی نظام کی تقویت کی بات کی ہے قائد عوام نے 1973 کا متفقہ آئین دے کر پارلیمانی نظام کو مضبوط کیا جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی اور پارلیمانی بالادستی کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔

بے نظیر بھٹو کی شہادت کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر جمہوریت بہترین انتقام کے وڑن پر عمل پیرا ہوکر شہید کے مشن کو آگے بڑھایا انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کے لیے بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں، اور نوجوان نسل کو اس عمل میں متحرک کر رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارلیمانی روایات کا احترام اور اداروں کی مضبوطی ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضمانت ہے، اور ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ان جمہوری اصولوں سے روشناس کرانا ہوگا۔

Comments are closed.